0
Tuesday 20 Mar 2012 22:20

بھارت جمہوریت کے عریاں رقص میں مصروف

بھارت جمہوریت کے عریاں رقص میں مصروف
تحریر: جاوید عباس رضوی

ایک ماہ قبل اسرائیلی سفارتکار کی گاڑی پر ہوئے مشکوک بم دھماکے کے پس پردہ استعمار کے کیا عزائم تھے ابھی تک ایک معمہ ہے، لیکن مشکوک بم دھماکہ کے فوراً بعد ایران پر الزام لگایا جانا یا حال ہی میں موساد اور دہلی پولیس کی جانب سے ایران کے تین معصوم افراد کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرنا اس بات کی طرف توجہ مبذول کرتا ہے کہ انکا نشانہ کوئی اور نہیں بلکہ ایران ہی تھا، لیکن ظاہراً استعمار کی چال کامیاب نہ ہوپائی اور وہ اپنے ناپاک ارادے پائے تکمیل تک نہ پہنچا پایا، دراصل استعمار دہلی کے خود ساختہ حملے کی شکل میں نائن الیون جیسا ڈھونگ رچانا چاہتے تھا لیکن الٹی ہو گئیں سب تدبیریں اور کوئی مکاری کام نہ آئی۔

ایران پر الزام لگتے ہی ایران نے اسرائیل کا پول کھول کر رکھ دیا اور اس حملے کی ذمہ داری خود اسرائیل پر عائد کر کے انکی چال کو ناکام بنا دیا، موساد کی ٹیم جس کا بھارت آنا جاتا رہتا ہے، حال ہی میں وارد بھارت ہوئی، اس نے دہلی پولیس کی مدد سے دوسری چالیں چلنا شروع کیں، پہلے تو سینئر و مظلوم صحافی محمد احمد کاظمی کی گرفتاری عمل میں لائی اور اب ایران کے تین معصوم افراد کو نشانہ بنانے کی مذموم کوشش کی جا رہی ہے، دہلی پولیس کے تفتیش کاروں نے چند روز قبل چیف میٹروپولیٹن مجسٹریٹ کی عدالت میں یہ بتایا کہ تفتیش سے پتہ چلا ہے کہ تین ایرانی اسرائیلی کار پر حملہ کرنے کی سازش میں ملوث رہے ہیں، اب مجھے یہ نہیں پتہ کہ اس سازش سے یہ نادان کون سی سازش رچانا چاہتے ہیں۔؟

محمد احمد کاظمی حال ہی میں شام کے دورے سے واپس بھارت آئے تھے اپنے اہل و عیال سے ابھی ٹھیک سے مل نہ پائے تھے کہ استعماری طاقتوں نے انہیں اپنے شکنجے کا شکار بنا دیا، محمد احمد کاظمی ایک اعلٰی درجے کے مفکر ہیں، آپ ایک طویل مدت سے ایرانی خبر ایجنسی کے لئے کام کر رہے ہیں، دہلی پولیس کا کہنا ہے کہ آپ کو حملہ آوروں کی مدد کرنے اور انکی سازش میں شریک ہونے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ محمد احمد کاظمی جیسے معصوم صحافی کا جرم شاید یہ ہے کہ ایرانی نیوز ایجنسی کے لئے رپوٹینگ کرتے ہیں اور روز اول سے ہی صہیونیت کے خلاف اور عالم اسلام کی مظلومیت کے لئے قلم چلاتے ہیں، جو ہر ذی حس شخصیت کا انسانی فریضہ ہوا کرتا ہے۔

واضح رہے کہ استعمار نے آپ کی حق گوئی کو روکنے اور آپ کو ڈرانے دھمکانے کے لئے بارہا امریکہ اور اسرائیل کے دعوت نامے ارسال کئے، آپ نے جرات مندی کا مظاہرہ کر کے سر تسلیم خم ہرگز نہ کیا، آپ بھارت کے واحد صحافی ہیں کہ جنہوں نے بھارت کے میڈیا "دوردرشن" میں رہ کر عراق کی مظلومیت دنیا پر عیاں کی ہے، آپ کی یہ بےباکی اور نڈر پن باعث بنا کہ آپ کو دہلی میں اسرائیلی کار پر ہوئے بم دھماکے کے الزام میں گرفتار کیا گیا، آپ ایک ماہ کی ریمانڈ کے بعد بھی ہنوز مقید ہیں، آپ کی گرفتاری کے فوراً بعد با شعور مسلمانان ہند نے طرح طرح کے احتجاجات کئے اور یہ احتجاج اب ملک گیر ہونے لگے، دہلی کے بعد اب لکھنو، امروہہ، علی گڑھ، ممبئی، کشمیر اور بھارت کے دیگر شہروں میں بھی ہونے لگے، آپ کی گرفتاری نے ایک بار پھر مسلمانان ہند کو ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونے کا موقعہ فراہم کیا۔ 
خبر کا کوڈ : 146742
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

متعلقہ خبر
ہماری پیشکش