2
Sunday 29 Jan 2023 21:59

ایوان بالا سینیٹ کے ارکان توہین صحابہ کے متنازعہ ترامیمی بل کو مسترد کریں، علامہ اسد اقبال زیدی

ایوان بالا سینیٹ کے ارکان توہین صحابہ کے متنازعہ ترامیمی بل کو مسترد کریں، علامہ اسد اقبال زیدی
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان سندھ کے صدر علامہ سید اسد اقبال زیدی نے کہا ہے کہ ہم متنازعہ فوجداری قانونی ترمیمی بل کی سختی سے مخالفت اور اس ترمیمی بل کو یکسر مسترد کرتے ہیں، علامہ سید ساجد علی نقوی کے حکم پر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔  موجودہ ملکی صورتحال اور متنازعہ فوجداری قانونی (ترمیمی) ایکٹ 2021ء بل کے حوالے سے کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بل کی منظوری کے وقت 342 ارکان کی اسمبلی میں صرف 20 سے 25 ارکان موجود تھے جو اس امر کا عکاس ہے کہ قومی اسمبلی کا نہ تو کورم پورا تھا اور نہ ہی اسمبلی کی اکثریت موجود تھی بلکہ ایوان حکومتی اور اپوزیشن کے ارکان کی اکثریت سے خالی تھا خود اسپیکر بھی موجود نہ تھے، ایسے عالم میں بل کی متنازعہ ترامیم کو منظور کرانا بدنیتی پر مبنی اقدام قرار دیا جا سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم ایوان بالا سینٹ کے ارکان کو متوجہ کرنا چاہتے ہیں کہ وہ اس متنازعہ ترامیمی بل کو مسترد کردیں۔ انہوں نے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی سے بھی اپیل کی کہ وہ اس متنازعہ ترامیمی بل پر دستخط نہ کرکے وطن عزیز کو کسی بھی مزید بحران سے دوچار ہونے سے بچائیں، اس لئے کہ متاثرہ فریق کو سنے بغیر اس قسم کی قانون سازی کرنا بے انصافی اور حکمرانوں کی کمزوری کی دلیل ہے، ہم کسی کے مقدسات کی توہین کے ہرگز قائل نہیں لیکن یہ قانون انتہا پسند عناصر کے ہاتھ میں ہتھیار دینے کے مترادف ہوگا۔ پریس کانفرنس میں حسنین مہدی، علامہ رضی حیدر زیدی، علامہ کامران عابدی، علامہ عابد عرفانی، علامہ کرم علی حیدری، علامہ علی رضا، ایم ڈبلیو ایم کراچی کے صدر علامہ صادق جعفری و دیگر علماء کرام بھی موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 1038425
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش