0
Wednesday 26 Oct 2011 22:24

امریکی حکومت تمام قوموں کو اپنا غلام بنانا چاہتی ہے جبکہ ایران تمام قوموں کی آزادی اور عزت کا خواہاں ہے، احمدی نژاد

امریکی حکومت تمام قوموں کو اپنا غلام بنانا چاہتی ہے جبکہ ایران تمام قوموں کی آزادی اور عزت کا خواہاں ہے، احمدی نژاد
اسلام ٹائمز- ارنا نیوز ایجنسی کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر جناب محمود احمدی نژاد نے آج صبح عظیم عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ملت ایران خودخواہ اور مستکبر قوتوں کے مقابلے میں کھڑا ہے۔ انہوں نے تاکید کی کہ امریکی حکومت تمام قوموں کو اپنا غلام اور تابعدار بنانے کے درپے ہے جبکہ ایران انکی آزادی اور عزت کا خواہاں ہے۔
وہ ایران کے صوبے خراسان جنوبی کے دورے پر عظیم عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی استکباری قوتیں اقوام عالم کو غربت اور جہالت میں باقی رکھنا چاہتی ہیں تاکہ ہمیشہ کی طرح انکی دولت کو لوٹ مار کرتے رہیں۔ جناب محمود احمدی نژاد نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران استکباری قوتوں کی ان کوششوں کے برعکس دوسری اقوام کی بیداری، خودمختاری اور ترقی کی راہ پر گامزن ہونے کی خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا استکبار جہانی دنیا پر قبضہ کرنا چاہتا ہے تاکہ قوموں کی تحقیر کے ذریعے انہیں اپنا غلام بنا سکے۔
صدر اسلامی جمہوریہ ایران نے کہا کہ وہ قوتیں جنہوں نے تیس سال تک رضا شاہ کے جرائم اور لوٹ مار کی کھلی حمایت کی آج ملت ایران کے مقابلے میں کھڑے ہیں اور اپنے جھوٹے پروپیگنڈے کے ذریعے ایرانی قوم کا نورانی چہرہ بگاڑ کر پیش کرنا چاہتے ہیں۔
جناب محمود احمدی نژاد نے دہشت گردانہ اقدامات میں ملوث افراد کو انتہائی بزدل اور وحشی قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد افراد ایسے افراد ہیں جو اپنے ملک کی اقتصادی مشکلات کو دور کرنے کیلئے بیہودہ بہانے بنا کر دوسرے ممالک پر حملہ کرتے ہیں اور ان پر فوجی قبضہ جماتے ہیں، ان افراد کے پاس دوسری اقوام کیلئے بربادی، دہشت گردی، لوٹ مار اور کرپشن کے علاوہ کچھ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملت ایران انتہائی مہربان اور عادل قوم ہے جسے دہشت گرد اقدامات کا سہارا لینے کی کوئی ضرورت نہیں۔
صدر اسلامی جمہوریہ ایران نے کہا کہ ہمارے دشمن ایران کی روز افزون ترقی سے شدید غصے کا شکار ہیں۔ انہوں نے تاکید کی کہ ایران جس قدر دنیا میں ترقی کی منازل طے کر رہا ہے اسکے دشمن اسی قدر غصے سے پاگل ہوتے جا رہے ہیں، وہ غصے میں آ کر ہمارے محققین اور دانشور افراد کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے پر اتر آئے ہیں۔
جناب محمود احمدی نژاد نے کہا کہ ملت ایران کا ارادہ انتہائی مضبوط ہے اور ایران کی جانب سے ذرہ بھر عقب نشینی کی حسرت دشمن کے دل میں ہی رہ جائے گی۔ انہوں نے موجودہ عالمی حالات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے موجودہ حالات ایسے ہیں جن میں اپنی ثقافت کو محفوظ رکھنے کیلئے ترقی یافتہ ہونا ضروری ہے۔ صدر اسلامی جمہوریہ ایران نے کہا کہ امریکی حکومت نے اپنی پوری کوشش کی کہ ملت ایران ایٹمی ٹیکنولوجی کو حاصل نہ کر سکے لیکن اسے بری شکست کا سامنا کرنا پڑا، امریکہ جھوٹے پروپیگنڈے کے ذریعے ایران پر الزام لگاتا آیا ہے کہ ایٹم بم بنانا چاہتا ہے، اس پروپیگنڈے کا مقصد عالمی قوتوں کو ہمارے مقابلے میں اکٹھا کرنا تھا۔ جناب احمدی نژاد نے کہا کہ جب امریکہ کے یہ تمام ہتھکنڈے ناکام ہو گئے تو انہوں نے انتہائی بے شرمی سے ایران پر دہشت گردی کا الزام لگایا۔ انہوں نے تاکید کی کہ ملت ایران ایک عظیم تاریخ اور تہذیب و تمدن کی حامل قوم ہے جسے دہشت گردانہ اقدامات کا سہارا لینے کی کوئی ضرورت نہیں۔
خبر کا کوڈ : 109512
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش