0
Monday 31 Oct 2011 19:39

دیامر بھاشا ڈیم پر خیبرپختونخواہ کے دعوے سے ہمیں دلی صدمہ پہنچا ہے، بشیر احمد خان

دیامر بھاشا ڈیم پر خیبرپختونخواہ کے دعوے سے ہمیں دلی صدمہ پہنچا ہے، بشیر احمد خان
گلگت:اسلام ٹائمز۔ دیامر بھاشا ڈیم سے متعلق گلگت بلتستان کی پارلمیانی کمیٹی کے سربراہ و رکن اسمبلی بشیر احمد خان نے مجوزہ ڈیم کی حدود سے متعلق خیبر پختونخواہ اسمبلی کی قرارداد کو پاکستان کے خلاف ایک سازش قرار دیتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ خیبرپختونخواہ کی حکومت نے اپنے مفادات اور پاکستان دشمنی کی بنیاد پر قبل ازیں کالا باغ ڈیم کی مخالفت کی اور اس عظیم منصوبے کو قصہ پارینہ بنا دینے پر وفاقی حکومت کو مجبور کر دیا اور اب مجوزہ ڈیم جو دیامر کی حدود میں تعمیر ہو رہا ہے، کے خلاف بھی وہی روایتی طرز عمل اپنا رکھا ہے۔
انہوں نے گلگت بلتستان سپریم اپلیٹ کورٹ کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ فاضل ججوں نے نہایت باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد یہ تفصیلی فیصلہ دیا ہے، جس کی سماعت کے دوران خیبرپختونخواہ کے ڈپٹی ایڈووکیٹ جنرل، پاکستان کے ڈپٹی اٹارنی جنرل اور کوہستان ضلع کے حکام باقاعدگی سے پیش ہوتے رہے اور طویل عرصے تک سماعت کا سلسلہ جاری رہنے کے بعد گزشتہ برس دیامر بھاشا ڈیم کو گلگت بلتستان کا حصہ قرار دیا ہے، البتہ عدالت نے ڈیم کے علاقے کا 25 فیصد حصے کے مالکانہ تعین کیلئے وفاقی حکومت کو ایک اعلٰی سطحی کمیٹی تشکیل دے کر تصفیہ کرانے کا حکم دیا ہے مگر خیبرپختونخواہ کی اسمبلی میں حالیہ غیر ضروری قرارداد سے ضلع دیامر بالخصوص اور گلگت بلتستان کے عوام کو بالعموم صدمہ پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے علاقے کی ایک ایک انچ زمین عزیز ہے اور اس بارے میں کسی بھی مصلحت کا شکار نہیں ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 110711
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش