0
Saturday 13 Apr 2024 20:34

قبلہ اول میں انسانیت کی نسل کشی قابل مذمت ہے، راشد محمود سومرو

قبلہ اول میں انسانیت کی نسل کشی قابل مذمت ہے، راشد محمود سومرو
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام سندھ کے جنرل سیکریٹری علامہ راشد محمود سومرو نے کہا ہے کہ کچے کے ڈاکو غریبوں پر رحم کریں اور اغوا کرنا ہے تو وزیر اعلیٰ، اسپیکر اور نوابوں سرداروں کے بچوں کو اغوا کریں، قبلہ اول میں انسانیت کی نسل کشی قابل مذمت ہے اور یہ انسانی حقوق کے دعویداروں کے منہ پر زور دار طمانچہ ہے، فلسطین میں بچوں پر بمباری پر خاموش رہ کر کس منہ سے وہ انسانی حقوق کی بات کرتے ہیں، الیکشن میں چوکیدار چوری میں شامل رہا، جے یو آئی کی تین قومی اور پانچ صوبائی جیتی ہوئی سیٹیں چھینی گئیں، مئی میں مزار قائد پر عوامی اسمبلی سجے گی اور عوامی فیصلے ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیکب آباد کے مدرسہ قاسم العلوم میں مولانا فدا احمد ڈول کی وفات پر انکے فرزندسراج احمد ڈول سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جے یو آئی کے ضلعی امیر ڈاکٹر اے جی انصاری، شفیق کھوسو، شاہ زین بجارانی، قاری باسط ڈول اور دیگر موجود تھے۔

علامہ راشد نے مزید کہا کہ فلسطین کے معاملے پر مسلمان حکمرانوں کا کردار قابل افسوس ہے، سندھ کی حالت فلسطین سے مختلف نہیں ایک طرف اسرائیل نے غزہ کو نوگو ایریا بنایا ہوا ہے تو دوسری طرف سندھ کی عوام کو ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر چھوڑا گیا ہے، کچے کی پولنگ اسٹیشن کے نتائج بتا رہے ہیں کہ ڈاکوؤں کے سرپرست اسمبلی میں ہیں نواب، سرداروں نے سندھ کو تباہی کے کنارے پہنچایا ہے، ڈھائی سال سے پریا کماری اور شکارپور سے ثناء اللہ سومرو کو پولیس بازیاب نہیں کراسکی ہے، کراچی تا کشمور اسٹریٹ کرائم کی زد میں ہے، عوام پیپلز پارٹی کے نہیں ہمارے ساتھ ہے، الیکشن میں دھاندلی، مینڈیٹ چوری اور سپریم کورٹ کے جسٹس کی ختم نبوت کی غیر ضروری تشریح کے خلاف مئی کو مزار قائد پر عوام کی نمائندوں کی اسمبلی سجے گی اور چور دروازے سے آنے والوں کو بتائیں گے کہ عوام کس کے ساتھ ہے۔
خبر کا کوڈ : 1128348
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش