0
Thursday 18 Apr 2024 08:00

نتین یاہو اپنے اقتدار کو طول دینے کی خاطر خطے کو جنگ کیجانب دھکیل رہا ہے، انقرہ

نتین یاہو اپنے اقتدار کو طول دینے کی خاطر خطے کو جنگ کیجانب دھکیل رہا ہے، انقرہ
اسلام ٹائمز۔ گزشتہ شب دوحہ میں ترکیہ کے وزیر خارجہ "هاکان فیدان" نے اپنے قطری ہم منصب "محمد بن عبدالرحمن آل ثانی" کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر ھاکان فیدان نے کہا کہ ہم نے جنگ غزہ اور دوحہ و انقرہ کے مابین عسکری تعلقات میں وسعت کے حوالے سے قطری اعلیٰ قیادت سے بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اس امر پر زور دیا ہے کہ غزہ میں نہ رُکنے والی اسرائیل جارحیت علاقائی جنگ میں تبدیل ہو سکتی ہے۔ ترکیہ کے وزیر خارجہ نے کہا کہ "نتین یاهو" اس کوشش میں ہے کہ علاقائی جنگ چھڑ جائے اور اس طریقے سے وہ اقتدار میں موجود رہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ لوگ جو بلا مشروط صیہونی وزیراعظم کی مدد کر رہے ہیں وہ اپنی پالیسی پر نظر ثانی کریں۔ ھاکان فیدان نے کہا کہ اسرائیل کو چاہئے کہ حتمی طور پر سلامتی کونسل کی قرارداد 2728 پر عمل کرتے ہوئے غزہ میں انسانی امداد پہنچنے کی اجازت دے۔

اپنے قطری ہم منصب کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں ترکیہ کے وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکہ کو بھی چاہئے کہ اب اسرائیل سے یہ سب کچھ بند کرنے کو کہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ 1967ء کے نقشے کے مطابق آزاد و خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کرتا ہے۔ دوسری جانب قطر کے وزیر خارجہ نے اپنی گفتگو کے ایک حصے میں اس جانب اشارہ کیا کہ بعض سیاست دان اپنے مفادات کی خاطر اِس کوشش میں ہیں کہ غزہ کی جنگ میں ثالث کے اعتبار سے قطر کے کردار کو متنازعہ بنائیں۔ اس دوران محمد بن عبدالرحمن آل ثانی نے کہا کہ ہم نے کشیدگی کو قابو کرنے کے لئے تہران اور واشنگٹن کے درمیان بہت زیادہ روابط انجام دئیے ہیں۔ بہر حال جو کچھ بھی علاقائی اسٹیک ہولڈرز کی جانب سے سننے میں آ رہا ہے وہ یہ کہ کوئی بھی فریق اشتعال انگیزی نہیں چاہتا۔ تناؤ میں کمی کا واحد راستہ غزہ کی جنگ کا خاتمہ ہے۔ واضح رہے کہ ترکیہ کے وزیر خارجہ گزشتہ روز سے قطر میں موجود ہیں۔
خبر کا کوڈ : 1129422
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش