0
Saturday 20 Apr 2024 21:20

اسرائیل اور امریکہ نے غزہ میں انسانی امداد بھیجنے کے جعلی اعداد و شمار دیئے، حماس

اسرائیل اور امریکہ نے غزہ میں انسانی امداد بھیجنے کے جعلی اعداد و شمار دیئے، حماس
اسلام ٹائمز۔ غزہ میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد بھیجنے کے بارے میں اسرائیل اور امریکہ کے دعووں پر سوال اٹھاتے ہوئے، غزہ میں حماس کے انفارمیشن آفس نے اس بات پر زور دیا کہ ورلڈ فوڈ پروگرام نے حال ہی میں اطلاع دی ہے کہ اپریل میں خوراک لے جانے والے صرف 392 ٹرک غزہ کی پٹی میں داخل ہوئے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے خبر رساں ادارے فارس نیوز کے مطابق غزہ میں حماس کے اطلاعاتی دفتر نے خطے میں داخل ہونے والی انسانی امداد کی مقدار کے بارے میں امریکہ اور صیہونی حکومت کے من گھڑت اعداد و شمار کی تردید کی ہے۔ ایک طرح سے ورلڈ فوڈ پروگرام نے بھی حماس کے بیانات کی تائید میں اسرائیلی و امریکی بیانیے پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔

اس دفتر نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے تاکید کی کہ اسرائیل غزہ کی پٹی میں انسانی صورتحال کے بارے میں جھوٹ بول رہا ہے اور امداد کی ترسیل کے طریقہ کار کو بہتر بنانے اور غزہ کی پٹی میں داخل ہونے والے ٹرکوں کی تعداد میں اضافے کے بارے میں ایک جعلی بیانیے کو فروغ دے رہا ہے۔ کیونکہ ورلڈ فوڈ پروگرام نے گذشتہ جمعرات کو اعلان کیا تھا کہ اپریل میں خوراک لے جانے والے صرف 392 ٹرک غزہ کی پٹی میں داخل ہوئے۔ اس بیان میں کہا گیا ہے کہ ورلڈ فوڈ پروگرام کا بیان ہمارے درست اعداد و شمار کے مطابق ہے اور اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ امدادی ٹرکوں کی تعداد کو یومیہ 300 ٹرکوں تک بڑھانے کی اسرائیل کی کہانی سراسر جھوٹ پر مبنی ہے، کیونکہ امریکہ بھی یہی کہانی سناتا ہے۔

حماس نے کہا کہ غزہ کی پٹی میں روزانہ 130 سے ​​150 ٹرک داخل ہوتے ہیں اور کہا کہ یہ تعداد جنگ سے قبل اس علاقے میں داخل ہونے والی تعداد کا 25 فیصد ہے۔ اس لیے اس ماہ سے غزہ میں داخل ہونے والے ٹرکوں کی تعداد 2800 ٹرکوں سے کم ہے اور صرف 327 ٹرک شمالی غزہ میں داخل ہوئے ہیں۔ آخر میں، اس فلسطینی تحریک کے اطلاعاتی دفتر نے اشارہ کیا کہ یہ اعداد و شمار انسانی بحران کی سنگین نوعیت اور خوراک کی کمی کو ظاہر کرتے ہیں، جس کا غزہ کی پٹی بالخصوص شمالی غزہ کو سامنا ہے۔ لہٰذا یہ اعداد و شمار امریکہ اور اسرائیل کے جھوٹے بیانیے کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

غزہ کی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر اشرف القدرہ نے آج اعلان کیا کہ 197 دنوں کی جنگ کے بعد شہداء کی تعداد 34,049 ہوگئی ہے اور زخمیوں کی تعداد 76,901 ہوگئی ہے۔ اشرف القدرہ کے مطابق قابض حکومت نے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران چار نئے جرائم کا ارتکاب کیا ہے، جس کے نتیجے میں 37 افراد شہید اور 68 زخمی ہوئے ہیں۔ اس دوران شدید فضائی، توپ خانے اور بحری حملوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
خبر کا کوڈ : 1130024
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش