0
Monday 22 Apr 2024 12:07

مودی حکومت کے اقدامات سے کشمیریوں کی شناخت خطرے میں ہے

مودی حکومت کے اقدامات سے کشمیریوں کی شناخت خطرے میں ہے
اسلام ٹائمز۔ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے عوام میں دن بہ دن یہ تشویش بڑھتی جا رہی ہے کہ مودی کی زیر قیادت بھارتی حکومت کے اقدامات سے علاقے میں ان کی شناخت کے لئے خطرات پیدا ہو رہے ہیں۔ ایک رپورٹ میں بی جے پی حکومت کی منظم مہم کو اجاگر کیا گیا ہے جس کا مقصد کشمیریوں کے منفرد تشخص کو مٹانا اور مقبوضہ علاقے میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنا ہے۔ دفعہ 370 کا خاتمہ جس کے تحت مقبوضہ جموں و کشمیر کو خصوصی حیثیت حاصل تھی، موجودہ جدوجہد میں ایک اہم موڑ تھا۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام قانونی اصلاحات سے بڑھ کر اور کشمیریوں کی منفرد ثقافتی اور سیاسی شناخت کو مٹانے کے لیے ایک سوچی سمجھی سازش ہے۔ علاقے میں غیر کشمیریوں کو آباد کرنے کے مودی حکومت کے مذموم ایجنڈے سے مقامی لوگوں میں بڑے پیمانے پر غم و غصہ پایا جاتا ہے جو اسے اپنے ورثے اور طرز زندگی پر براہ راست حملہ سمجھتے ہیں۔

اس کے علاوہ مقبوضہ علاقے میں آبادکار ی کے خطرات بڑھتے جا رہے ہیں جس سے مقامی کشمیریوں کی ممکنہ نقل مکانی کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے ساتھ ہندوتوا تنظیم بی جے پی کی ملی بھگت صورتحال کو مزید پیچیدہ بناتی ہے جس سے مقبوضہ جموں و کشمیر کے ثقافتی اور مذہبی تانے بانے کو ازسرنو ترتیب دینے کے لئے مشترکہ کوششوں کے خدشات پیدا ہوئے ہیں۔ ان مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے کشمیریوں سے مطالبہ کیا جاتا ہے کہ وہ اپنی شناخت کے دفاع کے لئے متحد اور پرعزم رہیں۔ کارکنان کا کہنا ہے کہ حق خودارادیت کی جدوجہد کشمیری ثقافت، زبان اور ورثے کے تحفظ پر منحصر ہے۔ رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ ان محاذوں پر کوئی بھی سمجھوتہ کشمیری عوام کی امنگوں کے لئے تباہ کن دھچکا ہو سکتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 1130308
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش