0
Tuesday 23 Apr 2024 11:49

محتسب اعلی آزاد کشمیر کی عدم تعیناتی پر ریاست بھر میں چہ مگوئیاں شروع

محتسب اعلی آزاد کشمیر کی عدم تعیناتی پر ریاست بھر میں چہ مگوئیاں شروع
اسلام ٹائمز۔ محتسب اعلی آزاد کشمیر کی عدم تعیناتی پر ریاست بھر میں چہ مگوئیاں شروع، وزیراعظم آزاد کشمیر کی ذات کو حرف تنقید بنایا جانے لگا۔ محتسب اعلی آزاد کشمیر خزانے پر بوجھ، کاریگر کاری گری دکھانے لگے۔ دو ماہ گزرنے کے باوجود محتسب اعلی آزاد کشمیر کی عدم تعیناتی نے ہزاروں سوال کھڑے کر دیے۔تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر میں سستا اور تیز ترین انصاف مہیا کرنے والا ادارہ محتسب اعلی آزاد کشمیر کے محتسب دو ماہ قبل اپنی آئینی مدت پوری کرنے کے بعد ریٹائرڈ ہو گئے تھے۔ دو ماہ گزرنے کے باوجود محتسب اعلی کی تعیناتی نہ کی جا سکی جس پر سیاسی، سماجی، مذہبی، تجارتی اور عوامی حلقوں میں شدید چہ مگوئیاں شروع ہو چکی ہیں جبکہ لوگوں نے وزیراعطم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کی ذات کو حرف تنقید کا نشانہ بنا رکھا ہے۔ انتہائی باوثوق ذرائع کے مطابق محتسب اعلی آزاد کشمیر کی جانب سے بے بس، لاچار، غریب ریاستی عوام کو تیز ترین اور سستا انصاف فراہم کرنے، ریاست بھر کے تمام اضلاع میں کھلی کچہریاں لگا کر لوگوں کے مسائل سنتے ہوئے موقع پر ان کا حل کرنے سمیت سالہا سال سے اراضیات و دیگر مقدمات کہ شاندار اور انصاف بر مبنی فیصلوں کی وجہ سے عوام میں محتسب اعلی کی اہمیت بڑھ چکی تھی۔

محتسب اعلی کی جانب سے ریاست بھر میں مشہور و معروف ٹمبر مافیا لینڈ مافیا، قبضہ مافیا، تجاوزات مافیا اور مختلف اداروں میں چھپی کالی بھڑوں کی جانب سے کرپشن کے ذریعے مال بناؤ مہم کے خلاف محتسب اعلی کا گزشتہ ٹریک ریکارڈ شاندار اہمیت کا حامل بن چکا تھا۔ سابق محتسب اعلی چوہدری نسیم کی ریٹائرمنٹ کے فورا بعد مافیا نے ایک بار پھر سر اٹھا لیا اور وزیراعطم آزاد کشمیر کو سب اچھا کی رپورٹ پیش کرنے سمیت محتسب اعلی کو ریاستی خزانے پر بوجھ قرار دینا شروع کر دیا۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ دو ماہ سے فائل وزیراعطم آزاد کشمیر کے پاس محتسب اعلی کی تعیناتی کے لیے موجود ہے مگر وزیراعظم آزاد کشمیر کی جانب سے محتسب اعلی آزاد کشمیر کی تعیناتی پر کسی بھی قسم کا عمل درآمد نہ ہونا عوام کے لیے چہ مگوئیوں کا سبب بن چکا ہے۔ باوثوق ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ ریاستی مافیا نے وزیراعظم آزاد کشمیر کو محتسب اعلی کی تعیناتی سے روک رکھا ہے۔ 

دوسری جانب باوثوق ذرائع یہ بھی کہہ رہے ہیں کہ پسند و ناپسند کی بنیاد پر من مرضی کا محتسب اعلی تعیناتی کے لیے بھی ایک جانب سے زور لگایا جا رہا ہے۔ عوامی حلقوں نے وزیراعظم آزاد کشمیر سمیت دیگر ارباب اختیار اور صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر محتسب اعلی آزاد کشمیر کی تعیناتی کے لیے کسی ایماندار، فرض شناس شخصیت کو تعینات کیا جائے یا پھر سابق محتسب اعلی چوہدری نسیم ہی کو ایکسٹینشن دیتے ہوئے تعینات کر دیا جائے تو ریاست میں بڑھتی ہوئی لاقانونیت سمیت دیگر جرائم پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 1130531
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش