0
Sunday 27 Nov 2011 21:24

اقوام متحدہ سنجیدہ انداز میں پاکستانی سرحدوں کی خلاف ورزی کا نوٹس لے،سنی تحریک پنجاب

اقوام متحدہ سنجیدہ انداز میں پاکستانی سرحدوں کی خلاف ورزی کا نوٹس لے،سنی تحریک پنجاب
اسلام ٹائمز۔ نیٹو فوج کے حملے میں پاک فوج کے 25 سے زائد جوان و افسران کی شہادت پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سنی تحریک صوبہ پنجاب کے صدر محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہا ہے کہ نیٹو حملہ بدترین خارجہ پالیسی کا نتیجہ ہے، اقوام متحدہ سنجیدہ انداز میں پاکستانی سرحدوں کی خلاف ورزی کا نوٹس لے، موجودہ حملہ پاکستان کی خود مختاری پر حملہ اور کھلی دہشت گردی ہے، اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، اگر حکمرانوں نے اس دہشت گردی کیخلاف عالمی سطح پر بھرپور احتجاج نہ کیا تو پھر عوام خود ملکی دفاع کے لیے آگے آ جائیں گے اور ہر گلی التحریر اسکوائر بن جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سنی تحریک نیٹو حملے کیخلاف جمعہ کو یوم سیاہ کے طور پر منائے گی، اگر پالیسی ساز ادارے آزاد خارجہ پالیسی عوامی امنگوں کے مطابق تشکیل دیں تو ایسے واقعات کی روک تھام کے ساتھ ملک کا وقار بھی بلند ہو سکتا ہے۔
محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہا کہ پاک فوج کے جوان وافسران کی شہادت پر سنی تحریک کا ایک ایک کارکن افسردہ ہے اور ہم اس حملے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، نیٹو کی اس سنگین غلطی کا بھرپور انداز میں مناسب جواب دیا جائے اور دفاعی نظام کو اتنا موثر بنا دیا جائے کہ آئندہ اگر کوئی خلاف ورزی کی جرأت کرے تو اسے واپس نہ جانے دیا جائے بلکہ نشانِ عبرت بنا دیا جائے۔ محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہا کہ بین الااقوامی قوتیں اور انکے حمایت یافتہ سن لیں کہ پاکستان کی عوام اپنے جمہوری سیاسی اور خود مختاری کے حقوق کا دفاع کرنا اچھی طرح جانتی ہے اور اس جدوجہد میں سنی تحریک پاکستانی عوام کے ساتھ ملکر عالمی طاقتوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ 

خبر کا کوڈ : 117784
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش