0
Sunday 4 Dec 2011 02:46

عرب دنیا سے اٹھنے والی بیداری کی لہر پاکستان کو لپیٹ میں لینے کو ہے، لیاقت بلوچ

عرب دنیا سے اٹھنے والی بیداری کی لہر پاکستان کو لپیٹ میں لینے کو ہے، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ عرب دنیا سے اٹھنے والی بیداری کی لہر اب پاکستان کو بھی اپنی لپیٹ میں لینے کو ہے اور 18 دسمبر کو پشاور میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام عظیم الشان ''جلسہ انقلاب'' میں لاکھوں لوگ شریک ہو کر گو امریکہ گو تحریک میں نئی جان ڈال دینگے اور امریکہ اور نیٹو کو یہ پیغام دیں گے کہ پاکستان کے غیور مسلمانوں کو دنیا کی کوئی طاقت زیر نہیں کر سکتی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز المرکز اسلامی پشاور میں پریس کانفرنس اور بعد ازاں جماعت اسلامی فاٹا کے مجلس شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ پاکستانی پوسٹ پر امریکی اور نیٹو جنگی طیاروں کا حملہ دانستہ اور جان بوجھ کر کیا گیا اور دراصل امریکہ یہ معلوم کرنا چاہتا ہے کہ پاکستانی حکومت، فوج اور عوام اپنے وطن کی آزادی، سلامتی اور خودمختاری پر کس طرح کا ردعمل کا اظہار کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ اگر اس موقع پر فوج اور حکومت نے کمزوری کا مظاہرہ کیا تو پھر امریکی اور نیٹو کے زمینی اور فضائی حملوں میں مزید اضافہ ہوجائیگا۔
انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ ہم کچکول توڑ کر اپنے وسائل پر انحصار کریں اور ملک کو اپنے پائوں پر کھڑا کریں، پاکستان کے راستے نیٹو کو سپلائی کو مستقل طور پر بند کیا جائے اور شمسی ائیر بیس کے علاوہ دیگر اڈوں پر بھی امریکہ کو دی گئی سہولیات ختم کی جائے، بون کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ درست ہے، قبائلی علاقوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قبائلی عوام نے ہمیشہ اسلام اور پاکستان کے لئے قربانیاں دی ہیں اور قبائلی علاقوں میں فوجی آپریشنز میں تکالیف اور سختیاں جھیلنے کے باوجود آج جب پاک فوج پر امریکی اور نیٹو طیاروں نے حملہ کیا تو قبائل سراپا احتجاج ہیں اور پاک فوج کی پشت پر کھڑے ہیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ قبائلی علاقوں میں فوجی آپریشنز فی الفور بند کیے جائیں اور قبائلی علاقوں کی ترقی و خوشحالی اور انہیں تعلیم اور صحت کی سہولیات مہیا کرنے کے لئے خصوصی ترقیاتی پیکیج دیا جائے۔
لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ موجودہ حکمرانوں نے قومی اداروں کا بیڑہ غرق کر دیا ہے، میمو گیٹ سیکنڈل نے حکمرانوں کے بھیانک چہرے کو بے نقاب کر دیا ہے اور پیپلز پارٹی کے رہنماء بھونڈے طریقے سے سپریم کورٹ پر حملہ آور رہ رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ حکمران اپنے کرتو توں کے ذریعے ماورائے آئین تبدیلی کی راہ ہموار کرکے جمہوری عمل کو سبو تاژ کرنے کا باعث بن رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ مصر، تیونس اور دیگر عرب ممالک میں ووٹ کے ذریعے اسلامی تحریکوں نے بھر پور کامیابی حاصل کی ہے اور انشاء اللہ تعالی آئندہ انتخابات میں جماعت اسلامی بھر پور کامیابی حاصل کریگی، سرمایہ دارانہ نظام زمین بوس ہو رہا ہے اور صرف اسلامی ہی دنیا میں عدل و انصاف پرمبنی نظام قائم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ کے سامراجانہ عزائم کی وجہ سے پاکستان، ایران، افغانستان کے علاوہ چین اور یورپ بھی نالاں ہو چکا ہے، پاکستان سٹرٹیجیک لحاظ سے انتہائی اہم خطے میں واقع ہے اور ہمیں اپنی اس پوزیشن سے فائدہ اُٹھانا چاہیے، آئندہ انتخابات میں جماعت اسلامی کی حکمت عملی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی نے اپنے تمام انتخابی آپشنز کھلے رکھے ہوئے ہیں اور وقت آنے پر فیصلہ کیا جائے گا تاہم جماعت اسلامی آئندہ انتخابات کے لئے بھر پور تیاری کئے ہوئے ہے۔
خبر کا کوڈ : 119550
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش