0
Saturday 24 Dec 2011 13:20

لوگ اقتدار چھوڑ کر نظریئے پر آ رہے ہیں، اصولوں کی جنگ لڑیں گے، جاوید ہاشمی، عمران خان

لوگ اقتدار چھوڑ کر نظریئے پر آ رہے ہیں، اصولوں کی جنگ لڑیں گے، جاوید ہاشمی، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ مخدوم جاوید ہاشمی نے تحریک انصاف میں باضابطہ شمولیت کا اعلان کر دیا۔ وہ کراچی آمد کے بعد تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور شاہ محمود قریشی سمیت دیگر رہنماوٴں کے ہمراہ ایک پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر عمران خان نے انہیں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ہم فوجی آمر کے خلاف پارلیمنٹ میں اکھٹے اپوزیشن میں تھے، شاہ محمود قریشی کی آمد سے تحریک کے سونامی نے زور پکڑا، جاوید ہاشمی کی آمد سے تقویت ملی، ہم ایک نیا پاکستان بنانا چاہتے ہیں، نظام بدلنا چاہتے ہیں، جاوید ہاشمی نے ہم سے کچھ نہیں مانگا، صرف نظریئے کی بنیاد پر ہمارے ساتھ آئے ہیں، جاوید ہاشمی کے تجربے سے تحریک کو فائدہ ہو گا، جاوید ہاشمی اور شاہ محمود کے آنے سے ہمارا سفر آگے بڑھے گا۔ 

اس موقع پر جاوید ہاشمی نے کہا کہ عمران خان سیاست میں پندرہ سال سے پر عزم کوششیں کر رہے ہیں، کوئی مجھ سے پوچھتا تھا کہ کون سا کرکٹر پسند ہے تو میں کہتا عمران خان، اس ملک میں سیاست کا چیمپئن بھی عمران خان ہے، یہ مجھے جیل بھی ملنے آئے، ہمارا بات کرنے کا موٴقف بھی وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ ایک جیسا ہوتا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں نے اسمبلی میں ء1993سے سیاستدانوں کے اثاثے اور احتساب کی بات کی، یہ قوم کے چوکیداروں، سیاستدانوں کی ذمہ داری ہے کے آگے بڑھیں۔ جاوید ہاشمی نے کہا کہ عمران خان نے مجھ سے کہا کہ میں اپنے لئے نہیں پاکستان کے لئے آپ کے پاس آیا ہوں، جس پر میں نے غور کرنے کا وعدہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں ایک سال سے حالات دیکھ رہا تھا اور چاہ رہا تھا کہ تبدیلی آئے۔

 انہوں نے کہا کہ میری اپنی پارٹی سے کوئی ناراضگی نہیں، میں لاڑکانہ میں میاں نواز شریف کے ساتھ تھا، ہم لاہور پہنچے تو انہوں نے مجھے پہلے خود گاڑی میں بٹھایا، میرا کوئی جھگڑا نہیں ہوا، میں صرف یہ جانتا ہوں کہ ملک کو جن بحرانوں کا سامنے ہے تحریک انصاف کی حل کی جانب رفتار سب سے بڑھی ہوئی ہے، عدلیہ بحالی تحریک میں پی ٹی آئی کے کارکن آگے آگے تھے، میں نے اپنے دوستوں سے مشورہ کیا، پارٹی ورکرز کو بھی بتایا، میرے ساتھی میرے پاوٴں پر گر گئے، مجھے ان کا احساس ہے، لیکن میں سمجھتا ہوں کے ایک بڑے کام کے لئے فیصلہ کرنا تھا، مجھے اس کے لئے بڑا فیصلہ کرنا پڑا، اس مقصد کو حاصل کرنے کیلئے تحریک انصاف میں شامل ہوا اور آج یہاں بیٹھا ہوں۔
 
انہوں نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ ہم اصولوں کے لئے جنگ لڑیں گے، پاکستان کو نااہلوں اور لٹیروں سے بچائیں گے، ہمارا کوئی مفاد نہیں، کوئی کاروبار بڑھانے کا مطالبہ نہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میرا وزیراعلٰی پنجاب سے کوئی جھگڑا نہیں، وہ میرا بھائی بلکہ زیادہ بے تکلف دوست ہے، ہمیشہ پروٹوکول کے ساتھ میرا استقبال کیا۔ 

اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے اندر یہ ایک انقلاب آ رہا ہے کہ حکومت میں شامل اقتدار پر براجمان لوگ اس پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں، جس کے پاس سیٹیں بھی نہیں، مفادات کی سیاست ختم ہو رہی ہے، یہ لوگ کسی بھی پارٹی میں جا سکتے تھے، یہ لوگ اقتدار کو چھوڑ کر نظریئے پر آرہے ہیں، کوئی ہماری پارٹی میں لڑائی کی وجہ سے نہیں بلکہ نظریے کی وجہ سے شامل ہوا۔ خفیہ ہاتھ سے متعلق ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ لاہور کے جلسے میں ڈھائی لاکھ لوگ تھے، کل ہونے والے جلسے میں عوام آرگنائزیشن دیکھ لیں گے، خفیہ ہاتھ صرف اللہ کا ہے۔
خبر کا کوڈ : 124764
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش