0
Monday 9 Jan 2012 23:23

شہید عسکری رضا کے قاتل گرفتار نہ ہوئے تو شدید احتجاج کرینگے، شیعہ علماء

شہید عسکری رضا کے قاتل گرفتار نہ ہوئے تو شدید احتجاج کرینگے، شیعہ علماء
اسلام ٹائمز۔ شہید عسکری رضا کی شہادت کو آٹھ روز گزر جانے کے باوجود بھی کالعدم دہشتگرد گروہ کے سربراہ سمیت دیگر ملزمان اب تک گرفتار نہیں ہوئے، جو کہ حکومتی وعدوں اور کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، گورنر سندھ وعدے پورے کریں، نشان زدہ قاتلوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار شیعہ علماء، ذاکرین، ماتمی انجمنوں سمیت قومی و ملی تنظیموں کے نمائندوں نے کراچی پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پریس کانفرنس میں جعفریہ الائنس کے مرکزی رہنما علامہ فرقان حیدر عابدی، سلمان مجتبٰی، آل پاکستان شیعہ ایکشن کمیٹی کے مولانا مرزا یوسف حسین، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مولانا منور نقوی، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے رکن نظارت مولانا عقیل موسٰی، شیعہ علماء کونسل کے رہنماؤں سمیت مرکزی تنظیم عزاء کے جنرل سیکرٹری سلمان مجتبٰی اور امامیہ آرگنائزیشن پاکستان کے لئیق الزمان سمیت دیگر شریک تھے۔ 

رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ دہشتگردوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے اور قرار واقعی سزا دی جائے بصورت دیگر ملت جعفریہ زبردست احتجاجی تحریک چلائے گی، انھوں نے کہا کہ گورنر سندھ وعدے کے مطابق چوہدری اسلم کے خلاف جوڈیشل کمیشن قائم کریں اور یہ تحقیقاتی کمیشن ڈی آئی جی مجید دستی اور ڈی آئی جی سلطان خواجہ کی نگرانی میں تشکیل دیا جائے، رہنماؤں نے آئی جی سندھ کی جانب سے گورنر ہاؤس پر احتجاجی دھرنے کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے شیعہ علماء و رہنماؤں کی سکیورٹی واپس لینے کے شرمناک عمل کی شدید مذمت کی۔ شیعہ رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ چہلم امام حسین علیہ السلام کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے، بصورت دیگر کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہو گی، محرم الحرام سے قبل سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کی یقین دہانی کروائی گئی تھی، تاہم یکم محرم کو دو شیعہ اسکاؤٹس کی شہادت، حسن کالونی میں مجلس پر دہشتگردوں کی فائرنگ، شاہ فیصل میں مرکزی جلوس عزاء پر دہشتگردوں کے حملوں اور پھر شہید عسکری رضا کی شہادت نے تمام تر حکومتی دعووں اور اعلانات کی قلعی کھول دی ہے۔
خبر کا کوڈ : 128983
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش