0
Sunday 15 Jan 2012 19:32

شیعہ علماء کونسل پنجاب کا سانحہ خان پور کیخلاف احتجاج، 3 روزہ سوگ کا اعلان

شیعہ علماء کونسل پنجاب کا سانحہ خان پور کیخلاف احتجاج، 3 روزہ سوگ کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ راولپنڈی سے جاری احتجاجی بیان میں شیعہ علماء کونسل صوبہ پنجاب کے صدر علامہ سید عبدالجلیل نقوی نے رحیم یارخان کے علاقے خان پور میں حضرت امام حسین علیہ السلام کے چہلم کے جلوس میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کے نتیجے میں اٹھارہ سے زیادہ عزاداروں کی شہادت پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے شدید احتجاج کیا ہے اور پورے صوبے میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔
 
اپنے احتجاجی بیان میں علامہ سید عبدالجلیل نقوی نے کہا کہ رحیم یارخان جیسے حساس علاقے میں جلوس عزاء میں دھماکہ واضح کرتا ہے کہ علاقے میں لشکر جھنگوی اور اس قسم کے دوسرے دہشتگرد گروہوں کا کنٹرول موجود ہے جو حکومتی رٹ کو چیلنج کرنے اور نہتے عزاداروں کو اپنی بربریت کا نشانہ بنانے کے لیے منصوبہ بندی کر چکے تھے۔ ہم نے حال ہی میں متعدد بار انتظامیہ اور خفیہ اداروں کو متوجہ کیا تھا کہ لشکر جھنگوی نئے سرے سے منظم ہو کر دہشتگردی کی بڑی اور گھناؤنی کارروائیاں کرنے کی منصوبہ بندی کر چکا ہے، لیکن ذمہ دار اداروں اور حکمرانوں نے اس اہم ترین موضوع کی طرف توجہ نہیں دی، جس کا انجام سب نے دیکھ لیا۔
 
علامہ سید عبدالجلیل نقوی نے کہا حکمرانوں اور انتظامیہ نے بڑے شہروں میں سکیورٹی کے انتظامات کی طرف توجہ دی، جو کہ ان کی ذمہ داری تھی لیکن چھوٹے شہروں بالخصوص ان علاقوں میں جہاں دہشتگرد گروہوں اور ان کے سرغنے لیڈروں کی آماجگاہیں ہیں وہاں سکیورٹی کی طرف خاص توجہ نہیں دی، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دہشتگردوں نے عزاداروں کو خون میں نہلا دیا۔ دوسری طرف جب واقعہ کے بعد متاثرین نے احتجاج کیا تو مقامی پولیس نے ان پر لاٹھی چارج اور ہوائی فائرنگ بھی کی، جو انتہائی قابل مذمت فعل ہے۔ اس سے لگتا ہے کہ حکمران اور انتظامیہ دہشتگردوں کے ساتھ جرم میں شریک ہے۔
 
شیعہ علماء کونسل پنجاب کے سربراہ نے مطالبہ کیا کہ پنجاب کے پرامن حالات کو فتنہ و فساد میں تبدیل کرنے والے عناصر بالخصوص لشکر جھنگوی اور اس کے سرپرستوں کے خلاف گرینڈ کارروائی کی جائے اور جنوبی پنجاب میں موجود ان کے نیٹ ورک کو بے نقاب کرکے توڑنے اور جنوبی پنجاب کی پرامن سرزمین کو دہشتگردوں کے ناپاک وجود سے پاک کرنے کے لیے آہنی اقدامات کئے جائیں اور سانحہ خان پور کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کر کے دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
خبر کا کوڈ : 130530
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش