0
Tuesday 17 Jan 2012 10:28

کراچی میں سانحہ خان پور کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کا زبردست احتجاج

کراچی میں سانحہ خان پور کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کا  زبردست احتجاج
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیراہتمام کراچی میں سانحہ خان پور کے خلاف زبردست احتجاج کیا گیا جبکہ ایک احتجاجی ماتمی ریلی مسجد و امام بارگاہ شاہ خراسان سے امام بارگاہ علی رضا تک نکالی گئی، احتجاجی ماتمی جلوس میں ہزاروں عزاداروں نے شرکت کی اور خان پور میں چہلم امام حسین علیہ السلام کے موقع پر ہونے والے بم دھماکے میں ملوث کالعدم دہشت گرد تنظیموں (امریکی و اسرائیلی ایجنٹوں ) کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
 
احتجاجی جلوس سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مولانا اعجاز بہشتی، مولانا مرزا یوسف حسین، مولانا منور نقوی، مولانا صادق تقوی اور مولانا ناظر عباس تقوی نے خطاب کیا۔ شرکائے احتجاجی و ماتمی جلوس سے خطاب کرتے ہوئے علماء و مقررین کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں عزادری سیدالشہداء کو نشانہ بنایا جا رہا حکومت ملت جعفریہ اور عزاداری کو تحفظ دینے میں ناکام ہو گئی ہے۔ حکومت خان پور میں جلوس عزا پر ہونے والے دھماکے میں ملوث دہشت گردوں کی پشت پناہی کرنے کے بجائے ان کو گرفتار کرے۔
 
ایم ڈبلیو ایم کے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ کالعدم دہشت گرد تنظیموں کو اگر پہلے ہی پابند کر دیا جاتا تو ملک بھر میں دہشت گردانہ کاروائیاں نہ ہوتیں، رہنماؤں کا کہنا تھا کہ امریکی و اسرائیلی ایماء پر کالعدم دہشت گرد جماعتیں پاکستان کے معصوم اور بے گناہ افراد کو دہشت گردی کا نشانہ بنا رہی ہیں تاہم حکومت ان دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کرنے سے قاصر ہے۔
 
رہنماؤں کاکہنا تھا کہ خان پور دھماکے میں ملوث کالعدم دہشت گرد تنظیموں کے پنجاب حکومت سے روابط نے ثابت کر دیا ہے کہ حکومت میں موجود عناصر دہشت گردوں کی سرپرستی کر رہے ہیں تاکہ ملک کو عدم استحکام کا شکار کیا جائے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ خان پور بم دھماکے میں ملوث دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے اور قرار واقعی سزا دی جائے۔ ماتمی و احتجاجی جلوس سے خطاب کرتے ہوئے علماء و مقررین کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں دہشت گردوں کا راج ہے آئے روز شیعہ عمائدین کی ٹارگٹ کلنگ ہو رہی ہے، انہوں نے گذشتہ دنوں شہر کراچی میں دو شیعہ عمائدین غلام پاشا اور غلام رضا کی شہادت پر بھی اظہار افسوس کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملت جعفریہ کے عمائدین کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث امریکی، اسرائیلی اور کانگریسی ایجنٹوں کو گرفتار کیا جائے۔ اس موقع پر شرکائے جلوس نے لبیک یا حسین ع کے فلک شگاف نعرے بلند کئے اور دہشت گردوں کی سرکوبی کا مطالبہ کیا۔ 
خبر کا کوڈ : 130915
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش