0
Saturday 28 Jan 2012 07:34

حکومت قومی مفادات کے خلاف ایران کی بجائے بھارت سے ڈیزل اور پٹرول خریدنے کی تیاریاں کر رہی ہے، منور حسن

حکومت قومی مفادات کے خلاف ایران کی بجائے بھارت سے ڈیزل اور پٹرول خریدنے کی تیاریاں کر رہی ہے، منور حسن
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کہا ہے کہ حکمران کشمیریوں کے قاتل اور پاکستان کے دریاﺅں پر ناجائز ڈیم بنا کر پاکستان کو صحرا میں تبدیل کرنے کے منصوبہ ساز بھارت کے ساتھ مسلسل پیار کی پینگیں بڑھا رہے ہیں۔ بھارت کو انتہائی پسندیدہ ملک قرار دے کر تجارت کو فروغ دینے کے منصوبے بنائے جا رہے ہیں۔ قومی مفادات اور سلامتی کو پس پشت ڈال کر ایران کی بجائے بھارت سے ڈیزل اور پٹرول خریدنے کی تیاریاں کر رہے ہیں۔ امریکہ پاکستان پر ایران سے گیس نہ خریدنے کے لیے مسلسل دباﺅ ڈال رہا ہے اور بھارت کے ساتھ مل کر ترکمانستان سے گیس حاصل کرنے کے لیے معاہدہ کرنے کی ہدایات دی جا رہی ہیں۔ پاکستان امریکی مفادات کے لیے امریکی ڈکٹیشن قبول نہ کرے۔
 
سید منور حسن نے کہا کہ 5 فروری کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کا دن ہے۔ پوری قوم اس روز ہونے والی ریلیوں اور مظاہروں میں شریک ہو کر کشمیری بھائیوں کو یہ پیغام دیں کہ پاکستانی عوام ان کے ساتھ اور ان کی جدوجہد آزادی کے پشتیبان ہیں۔ ان کی جدوجہد ایک دن کامیاب ہو گی اور وہ بھارت کی غلامی سے نجات حاصل کریں گے۔ 

جمعہ کے روز منصورہ میں وفود سے باتیں کرتے ہوئے سید منور حسن نے کہا کہ حکومت مکمل طور پر امریکی ڈکٹیشن پر چل رہی ہے۔ بھارت جو پاکستان کا ازلی دشمن ہے اور پاکستان کو کمزور اور غیر مستحکم کرنے کے لیے سازشوں میں مصروف ہے۔ پاکستان کے اندر دہشتگردی کی کارروائیوں میں اس کے ملوث ہونے کے ثبوت موجود ہیں۔ وہ ہمارے حصے کے دریاﺅں کا پانی ہڑپ کر رہا ہے۔ اس کے ساتھ تجارت اور سوئی گیس کے مشترک منصوبے بنانا اور ایک مسلمان ملک کو چھوڑ کر بھارت کے ساتھ تیل و ڈیزل درآمد کرنے کے کسی معاہدے پر دستخط کرنا انتہائی پرلے درجے کی حماقت ہے اور کشمیری مسلمانوں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت بائیس سال سے مقبوضہ کشمیر میں جو ایک متنازعہ علاقہ ہے، ریاستی دہشتگردی کر رہا ہے۔ 90 ہزار سے زائد کشمیری پاکستان سے ملنے کی آرزو لیے بھارتی افواج اور پیرا ملٹری فورسز کے ہاتھوں شہید ہو گئے ہیں۔ ہزاروں ٹارچر سیلوں میں اپاہج بنا دیے گئے، ہزاروں مسلمانوں کے گھر مسمار اور ان کی فصلیں تباہ کی گئ ہیں لیکن وہ تمام مظالم کے باوجود پاکستان کے ساتھ الحاق کرنے کے لیے ابھی تک ہمت نہیں ہارے۔ پاکستانی حکمران بھارت کے آگے ڈھیر ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جنگ لڑنے والوں کو بے یارو مددگار چھوڑ دیا اور کشمیر پر ساٹھ سالہ قومی موقف سے دستبردار ہو گئے۔ 

سید منو ر حسن نے کہا کہ حکمرانوں نے کشمیریوں کو مایوس کیا ہے لیکن پاکستانی عوام ان کے ساتھ ہیں اور ان کی جدوجہد آزادی کو سلام کرتے ہیں۔ ہم پر امید ہیں کہ انشاء اللہ کشمیریوں کی قربانیاں ایک دن رنگ لائیں گی اور انہیں بھارت کی غلامی سے نجات ملے گی۔ 

انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ وہ 5 فروری کو ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر شایان شان طریقے سے منائے اور اس سلسلے میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام ہونے والی ریلیوں اور مظاہروں میں بھرپور شرکت کرے۔ 
خبر کا کوڈ : 133581
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش