0
Tuesday 31 Jan 2012 06:57

بجٹ مئی میں پیش کر کے جون کے بعد انتخابات کی تاریخ کا اعلان کر دیا جائے گا، خورشید شاہ

بجٹ مئی میں پیش کر کے جون کے بعد انتخابات کی تاریخ کا اعلان کر دیا جائے گا، خورشید شاہ
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر مذہبی امور خورشید شاہ نے کہا کہ وفاقی بجٹ مئی میں پیش کیا جا رہا ہے جبکہ جون کے بعد کسی وقت بھی انتخابات کی تاریخ کا اعلان تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے کردیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ میثاق جمہوریت پر دستخط کے بعد پیپلز پارٹی مسلم لیگ ن کی قیادت کے خلاف مقدمات کو بھول چکی ہے۔ آئی جے آئی کی تشکیل میں آئی ایس آئی کے کردار پر ائر مارشل ریٹائرڈ اصغر خان کی درخواست کی سپریم کورٹ میں سماعت پر مسلم لیگ ن کے خلاف مقدمے میں فریق نہیں بنے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ این آر او کے تحت معاف کئے گئے مقدمات کو میاں نواز شریف نے جعلی قرار دیا تھا۔ لیکن ان کی پارٹی کے رہنما این آر او کیس میں بہت متحرک کردار ادا کرتے رہے ہیں۔ 

وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ پاکستان کی عدالتیں موبائل نہیں کہ منصور اعجاز کا بیان بیرون ملک جا کر ریکارڈ کریں۔ انہوں نے کہا کہ میمو سکینڈل پر مقدمہ شروع سے ہی ختم تھا۔ اب عدالت پر منحصر ہے کہ وہ کیا فیصلہ کرتی ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میاں نو از شریف کو میمو سکینڈل پر رٹ پیٹیشن دائر کرنے کے بعد اپنی غلطی کا احساس ہو گیا ہے اورانہوں نے اس شدت سے مقدمے کی پیروی نہیں کی جس طرح انہوں نے رٹ دائر کی تھی۔ 

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلٰی پنجاب میں اخلاقی جرات ہونی چاہیے۔ گذشتہ سال ڈینگی بخار سے 350 افراد ہلاک ہو چکے ہیں لیکن کوئی توجہ نہ دی گئی اب جعلی ادویات سے ایک سو چودہ سے زائد ہلاکتیں ہو چکی ہیں لیکن میاں شہباز شریف نے خود کو ئی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ الزاما ت لگنے پر سابق وفاقی وزیر مذہبی امور حامد سعید کاظمی اور امریکہ میں پاکستانی سفیر حسین حقانی سے استعفے لئے گئے۔ میاں شہباز شریف بھی ایسی مثال قائم کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن پنجاب میں گڈ گورننس کے دعوے تو کرتی ہے لیکن وزیر اعلٰی کے پاس 22 وزارتوں کا چارج ہے، جن پر توجہ دینا ایک انسان کے بس کی بات نہیں۔ 
خبر کا کوڈ : 134345
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش