0
Tuesday 7 Feb 2012 00:32

پاکستان اور قطر میں گیس کی درآمد، سکیورٹی تعاون کے معاہدے

پاکستان اور قطر میں گیس کی درآمد، سکیورٹی تعاون کے معاہدے
اسلام ٹائمز۔ پاکستان نے قطر سے ایل این جی کی درآمد اور سکیورٹی کے شعبے میں تعاون کے معاہدوں پر دستخط کئے ہیں۔ دونوں ملکوں کے درمیان معاہدوں پر دستخط کی تقریب دوحہ میں ہوئی جس میں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور ان کے قطری ہم منصب شیخ حماد بن جاسم نے شرکت کی۔ مشیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین اور قطر کے وزیر توانائی ڈاکٹر محمد بن صالح نے ایل این جی کی درآمد کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے۔ پاکستان قطر سے پانچ سو ملین مکعب فٹ گیس درآمد کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ یہ مائع گیس اڑھائی ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کرنے میں استعمال ہو گی۔ سکیورٹی تعاون کیلئے وزیر خارجہ حنا ربانی کھر اور قطر کے وزیر داخلہ نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے۔ دونوں ملک قانون کے شعبے میں بھی ایک دوسرے سے تعاون کریں گے۔ 

دیگر ذرائع کے مطابق پاکستان اور قطر کے درمیان توانائی اور تجارت کے شعبوں میں تعاون پر اتفاق رائے طے پا گیا ہے۔ قطر کے وزیراعظم ہاﺅس میں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور ان کے قطری ہم منصب شیخ حماد بن جاسم بن جابر الثانی کے درمیان ہونے والی ملاقات میں تجارت و توانائی کے شعبوں میں تعاون پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں رہنماﺅں نے دو طرفہ تجارت کے فروغ اور سرمایہ کاری کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس کے علاوہ پن بجلی سیکٹر، سرمایہ کاری کے مواقع کی تلاش، پاکستان میں موجودہ ہائیڈرو پاور پلانٹس کی بحالی اور نیشنل ہائی وے اور موٹر وے انفرااسٹرکچر کی تعمیر پر بھی بات چیت کی گئی۔ وزیراعظم گیلانی نے قطر سے پانچ سو ملین کیونگ فٹ قدرتی مائع گیس کی درآمد میں بھی دلچسپی کا اظہار کیا۔ اس کے علاوہ وزیراعظم نے ہنرمند اور نیم ہنرمند محنت کش پاکستانیوں کو قطر میں ملازمت فراہمی پر بھی گفتگو کی۔
خبر کا کوڈ : 135925
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش