0
Thursday 23 Feb 2012 12:28

پاک بھارت مذاکرات نتیجہ خیز بنانا ضروری ہیں، گیلانی

پاک بھارت مذاکرات نتیجہ خیز بنانا ضروری ہیں، گیلانی
اسلام ٹائمز۔ وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاک بھارت مذاکرات کا عمل پائیدار اور اس کو نتیجہ خیز بنانا ضروری ہے۔ یہ بات انہوں نے بھارتی لوک سبھا کی اسپیکر میرا کمار سے ایک ملاقات میں کہی جنہوں نے وزیراعظم گیلانی سے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک بھارت تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر دونوں رہنمائوں نے جامع مذاکرات کے ذریعے تمام مسائل حل کرنے پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم گیلانی کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی وفود کے تبادلے ضروری ہیں۔ اس سے باہمی فاصلوں میں کمی آئے گی اور رابطوں کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاک بھارت مذاکرات کا عمل پائِیدار ہونا چاہیے۔ وزیراعظم گیلانی نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ نے جامع مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کی ان کی تجویز کو تسلیم کیا۔ 

اس سے قبل پاکستان اور بھارت کے ارکان پارلیمنٹ نے ایک دوسرے سے ملاقاتیں کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر سمیت تمام دیرینہ تنازعات بات چیت کے ذریعے حل کئے جائیں، پاکستان اور بھارت باہمی تجارت اور عوامی سطح پر رابطوں کو فروغ دینے کے لئے ویزا شرائط میں نرمی کریں، دوستی کا سفر جاری رکھنے کیلئے پارلیمانی سطح پر تعلقات کو مستحکم بنائیں گے، دونوں ملک پرامن اور خوش حال ہوں گے تو خطہ سے غربت اور ناخواندگی کا خاتمہ یقینی بنانے میں مدد ملے گی اور دنیا کی چوتھی بڑی آبادی کا خطہ ایک نئی اقتصادی طاقت کے طور پر ابھرے گا۔ 

بھارتی لوک سبھا کی سپیکر میراکمار کی سربراہی میں پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے بھارتی وفد اور پاکستانی پارلیمنٹ میں پاکستان بھارت فرینڈشپ گروپ کا اجلاس بدھ کو گروپ کے چیئرمین قمر زمان کائرہ اور بھارتی سپیکر میرا کمار کی مشترکہ صدارت میں ہوا۔ میرا کمار نے کہا کہ ماضی میں بہت سے ایسے واقعات ہوئے جن سے تعلقات میں دراڑیں پڑیں، اس لئے ہمیں ماضی میں جانے کی بجائے مستقبل کی طرف بڑھنا چاہئے۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ دونوں طرف ایسے عناصر موجود ہیں جو اپنی حکومتوں کو دوستی کی طرف بڑھنے سے روکتے ہیں۔ 

اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ دونوں ملکوں کے درمیان حل طلب معاملات کا واحد حل مذاکرات میں مضمر ہے، علاقائی خوشحالی و ہم آہنگی کےلئے امن ہی واحد راستہ ہے۔ اجلاس میں پارلیمانی رابطوں کے فروغ کے لئے دونوں پارلیمان میں ”فوکل پرسنز“ کی تعیناتی پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں اطراف سے ارکان نے یہ عزم بھی کیا کہ اب صرف دوستی کے شادیانے بجیں گے طبل جنگ نہیں بجے گا۔ حکومتوں کو جامع مذاکرات کی کامیابی کے لئے پارلیمانی نگرانی کی تجویز بھی دی گئی۔ بھارتی وفد نے فہمیدہ مرزا سے بھی ملاقات کی۔ فہمیدہ مرزا نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مسائل کے حل کے لئے پارلیمنٹری ڈپلومیسی کے ذریعے عوام کی آواز کو لے کر آگے بڑھ رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 140187
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش