0
Tuesday 3 Nov 2009 10:53

راولپنڈی کینٹ،بینک کے باہر خودکش دھماکہ،4 فوجیوں سمیت 36 شہید،لاہور میں پولیس چوکی پر کار سوار نے خود کو اڑا لیا،25 زخمی

راولپنڈی کینٹ،بینک کے باہر خودکش دھماکہ،4 فوجیوں سمیت 36 شہید،لاہور میں پولیس چوکی پر کار سوار نے خود کو اڑا لیا،25 زخمی
راولپنڈی،لاہور:راولپنڈی میں کینٹ کے علاقے میں بینک کے باہر خودکش بم دھماکے کے نتیجے میں 4فوجیوں سمیت 36 افراد شہید ہو گئے۔ دوسری جانب لاہور میں پولیس چوکی پر کار سوار نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں 6 اہلکاروں سمیت 25افراد زخمی ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق پیر کی صبح 10 بجکر 40 منٹ پر اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے عقب میں ہوٹل کے داخلی اور نیشنل بنک آف پاکستان کے بالکل سامنے موٹر سائیکل سوار حملہ آور نے بینک کے سامنے تنخواہ اور یوٹیلیٹی بلز جمع کرانیوالوں کی قطار میں موٹر سائیکل لے جا کر اپنے آپ کو دھماکہ سے اڑا دیا۔ وہاں پر موجود حساس ادارے کے ایک اعلیٰ افسر،خواتین اور بچوں سمیت 34 افراد جاں بحق اور 42 زخمی ہو گئے۔ کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ بینک کے باہر خودکش حملے کی زد میں پارکنگ میں کھڑی گاڑیاں بھی تباہ ہوگئیں جنہیں متعلقہ تھانہ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ ریسکیو 1122 کے ترجمان کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال میں 11 لاشیں، 13 زخمی،ایم ایچ ہسپتال میں 14 زخمی 7 لاشیں،سی ایم ایچ میں 15 زخمی اور   16 لاشیں ریسیکو 1122 کی ایمبولینسوں میں منتقل کی گئی ہیں۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ پورے کینٹ میں اسکی آواز سنی گئی۔ خودکش حملے کے نتیجے میں قریب کھڑے لوگوں کے جسم کے اعضاء کئی فٹ دور تک بکھر گئے۔ امدادی ٹیموں نے تمام حصے اکٹھے کر کے اسپتالوں میں منتقل کئے۔
 دریں اثناء لاہور میں بابو صابو موٹر وے انٹر چینج پولیس چیک پوسٹ پر دو کار سوار خودکش حملہ آورں نے تلاشی کے لئے روکے جانے پر اپنے آپ کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں 6 اہلکاروں سمیت 25 افراد شدید زخمی ہو گئے۔پولیس چیک پوسٹ پر راولپنڈی دھماکہ کے بعد ہر آنے اور جانے والی گاڑی کی سخت چیکنگ کی جا رہی تھی کہ تقریباً 6 بجکر 50 منٹ پر چیک پوسٹ کے قریب ایک سفید رنگ کی گاڑی میں سوار دو خودکش حملہ آورں نے اپنے آپ کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا لیا جس کے بعد ہر طرف چیخ و پکار شروع ہو گئی خودکش حملہ آورں کے اعضاء دور دور تک بکھر گئے۔ چیک پوسٹ کے قریب گاڑیوں میں سوار افراد زخمی ہو گئے جبکہ متعدد گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں۔ علاوہ ازیں صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے راولپنڈی اور لاہور حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہیمانہ جرم میں ملوث عناصر کو معاف نہیں کیا جائے گا، حکومت ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے۔

خبر کا کوڈ : 14334
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش