0
Friday 9 Mar 2012 14:58

مقبوضہ کشمیر میں بھی ہندو تہوار ”ہولی“روایتی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا

مقبوضہ کشمیر میں بھی ہندو تہوار ”ہولی“روایتی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا
اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ کشمیر میں بھی ہندووں کا مذہبی تہوار ”ہولی“روایتی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا، جسکے دوران ہندو اور سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے مندروں اور گوردواروں میں پوجا پاٹ کا اہتمام کیا۔  وادی میں سردی کے باوجود صبح سے ہی رادھا کرشن مندروں اور گوردواروں میں سکھ برادری کے ساتھ ساتھ ہندو طبقہ سے وابستہ لوگوں کا تانتا بندھا رہا اور مرد و زن، بوڑھے اور بچوں نے ماتھا ٹیکا۔ اس موقعہ پر گوردواروں اور مندروں میں شبد کی رتن کا اہتمام کیا گیا تھا اور یہ سلسلہ دن بھر جاری رہا جبکہ اس دوران مفت لنگر کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔
 
ہولی کے سلسلے میں کئی جگہوں پر چراغاں کیا گیا تھا اور اس سلسلے میں گوردواروں اور مندروں میں خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا، جس کے دوران سینکڑوں لوگوں نے گوردواروں اور مندروں پر حاضری دیکر ریاست کی سلامتی اور امن و بھائی چارے کیلئے دعائیں کیں۔ ہندو عقیدہ کے مطابق ہولی کا یہ تہوار بھگوان شری کرشن کی یاد میں منایا جاتا ہے اور ہندوﺅں کا عقیدہ یہ ہے کہ بھگوان شری کرشن بھی اپنے ساتھیوں کے ساتھ رنگوں کے تہوار ہولی کو مناتے تھے۔ شہرہ آفاق گلمرگ کے ساتھ ساتھ دیگر سیاحتی مقامات پر بھی ہندو اور سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے سیاحوں نے ہولی روایتی جوش و خروش کے ساتھ منائی، جس دوران مسلمان طبقے سے وابستہ لوگوں نے بھی ان کے اس تہوار میں شرکت کی۔ 

جموں سے اطلاعات کے مطابق صبح سے ہی ہندو نوجوانوں کی ٹولیاں مندروں پر پہنچیں جہاں انہوں نے ماتھا ٹیکا۔ اس موقعہ پر مندروں اور گردواروں میں شبد کیرتن کا اہتمام کیا گیا۔ نوجوان، بچے، بوڑھوں اور عورتوں نے ”گلال“ سے ہولی کھیلی اور یہ سلسلہ پورا دن جاری رہا۔ ہولی کے پیش نظر تمام مندروں اور گردواروں پر چراغاں کیا گیا تھا اور پورے بازار میں دن بھر غیر معمولی گہما گہمی دیکھنے کو ملی۔ دریں اثناء ریاست کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ، نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ، پی ڈی پی سرپرست مفتی محمد سعید، محبوبہ مفتی، پروفیسر سیف الدین سوز، محمد یوسف تاریگامی، سنجے صراف، غلام حسن میر، حکیم محمد یاسین، پروفیسر بھیم سنگھ، سنجے تکو، سمیت دیگر لیڈران نے ہولی کے تہوار پر ہندو ﺅں کو مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ رنگوں کا یہ تہوار ریاست میں امن اور بھائی چارے کا ایک نیا دور لیکر آئے گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تہواروں کا مقصد مشترکہ طور پر منانا ہے تاکہ سماج کے مختلف طبقوں کے درمیان بھائی چارے کے رشتے مزید استوار ہوں۔
خبر کا کوڈ : 143955
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش