0
Sunday 11 Mar 2012 16:26

ووٹر لسٹوں میں 35 فیصد غلطیاں ہیں، لسٹوں پر نظر ثانی کی جائے، محمد حسین محنتی

ووٹر لسٹوں میں 35 فیصد غلطیاں ہیں، لسٹوں پر نظر ثانی کی جائے، محمد حسین محنتی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ ووٹر لسٹوں میں 35 فیصد سے زائد غلطیاں موجود ہیں، جماعت اسلامی ان لسٹوں کو مسترد کرتی ہے، شفاف انتخابات کیلئے ووٹر لسٹوں پر نظر ثانی کی جائے، لسٹیں انٹرنیٹ اور ویب سائٹ پر ڈالی جائیں، SMS سروس کو فری کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پریس کانفرنس سے جماعت اسلامی کراچی کے جنرل سیکریٹری نسیم صدیقی، نائب امیر ڈاکٹر عبدالواسع شاکر اور ضلعی امراء راجہ عارف سلطان، اسامہ رضی، اسحاق خان، فاروق نعمت اللہ نے بھی خطاب کیا، اس موقع پر ضلعی امراء نے اپنے اپنے اضلاع میں ووٹر لسٹوں میں موجود غلطیوں کی نشاندہی کی۔

محمد حسین محنتی نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ شفاف انتخابات ہی جمہوریت کی روح ہے، شفاف انتخابات کا عمل درست ووٹر لسٹوں اور الیکشن کے شفاف عمل کے بغیر ممکن نہیں۔ ووٹر لسٹوں کی درستگی کا عمل پچھلے ایک سال سے جاری ہے، جماعت اسلامی نے اس حوالے سے متعدد بار اپنی تجاویز الیکشن کمیشن کو دی ہیں مگر اس کے باوجود ووٹر لسٹوں کی درستگی کا کام مکمل نہیں کیا جا سکا۔ صورتحال یہ ہے کہ الیکشن کمیشن نے حال ہی میں اخبارات کے ذریعے یہ اعلان کیا تھا کہ ووٹر لسٹیں یکم مارچ سے 60 ہزار سے زائد ڈسپلے سینٹرز پر آویزاں کی جائیں گی، مگر تقریباً 30 سے 40 فیصد ڈسپلے سینٹرز میں لسٹیں ہی موجود نہیں اور نہ ہی عملہ موجود ہے۔ جماعت اسلامی ان لسٹوں کو رد کرتی ہے اور ان لسٹوں کو بدنیتی پر مبنی سمجھتی ہے۔ یہ لسٹیں کراچی کی ایک مخصوص پارٹی کو فائدہ پہنچانے کے لیے بنائی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں پنجابی اور پشتون بولنے والے تقریباً 8 سے 9 لاکھ ووٹرز موجود ہیں مگر ان کے ووٹ کراچی سے نکال کر باہر کے مستقل پتے پر ڈال دیئے گئے ہیں۔ کراچی کے اندر تقریباً 15 لاکھ سے زائد ووٹروں کے پتے کراچی کے ایک ٹاؤن سے دوسرے ٹاؤن میں ڈال دیے گئے ہیں۔ ووٹر لسٹ میں کراچی کے مختلف علاقوں کے مختلف بلاکس دوسرے علاقوں کے ووٹر لسٹوں میں ظاہر کیے گئے ہیں۔ مجموعی طور پر ووٹر لسٹوں میں 35 فیصد سے زائد غلطیاں ہیں۔ ووٹر لسٹ نادرا کے ڈیٹا بیس کے مطابق نہیں۔ ڈسپلے سینٹرز میں موجود عملے کا تعلق اساتذہ برادری سے ہے اور وہ امتحانات میں مصروف ہیں، ڈسپلے سینٹرز میں متبادل افراد کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام ووٹر لسٹوں کو درست کیا جائے اور ووٹ نادرا کے موجودہ پتے پر منتقل کیا جائے۔ ووٹر لسٹوں پر نظر ثانی کی جائے۔ حتمی ووٹر لسٹ عوام کی دسترس سے باہر ہے، لسٹیں انٹرنیٹ اور ویب سائٹ پر ڈالی جائیں۔ SMS سروس کو فری کیا جائے، تصدیق کے دوران جو فارم 2 بھروائے گئے تھے، ووٹرز کے پتے اس فارم کے مطابق درست کیے جائیں۔ ڈسپلے سینٹرز کی تشہیر کے لیے اخبارات، رسائل، ٹی وی اور بینرز استعمال کیے جائیں۔
خبر کا کوڈ : 144746
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش