0
Thursday 29 Mar 2012 14:24

منظم سازش کے تحت نفرت و عصبیت کی آگ بھڑکائی جارہی ہے، الطاف حسین

منظم سازش کے تحت نفرت و عصبیت کی آگ بھڑکائی جارہی ہے، الطاف حسین
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ سندھ میں ایک منظم سازش کے تحت نفرت و عصبیت کی آگ بھڑکائی جارہی ہے اور نام نہاد قوم پرست اور سندھ سے تعلق رکھنے والے بعض رہنما اردو بولنے والے سندھیوں جنہیں عرف عام میں مہاجر کہا جاتا ہے، ان کے خلاف اشتعال انگیز اور بیہودہ زبان استعمال کررہے ہیں اور دریائے سندھ کو خون میں نہلانے کی باتیں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے صدر آصف زرداری، وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹنٹ جنرل ظہیرالاسلام، وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور صوبائی وزیر داخلہ منظور وسان سے کہا کہ خدارا ان عناصر کو ایک طبقہء آبادی کے خلاف اشتعال انگیز زبان استعمال کرنے سے روکیں، کہیں ایسا نہ ہو کہ بات میرے ہاتھ سے بھی نکل جائے اور عوام معاملات اپنے ہاتھوں میں لے لیں۔

اپنے ایک خصوصی وڈیو پیغام میں الطاف حسین نے صدر، وزیراعظم اور آرمی چیف سمیت تمام اعلیٰ حکومتی شخصیات اور سچے محب وطن پاکستانیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں نفرت و عصبیت کی جو آگ بھڑکائی جارہی ہے اس پر ایم کیو ایم نے ہمیشہ افہام و تفہیم سے کام لیا ہے، ایم کیو ایم نے لاکھوں کے جلسہ عام میں بار بار اس بات کو دہرایا ہے کہ ایم کیو ایم سندھ کی تقسیم نہیں چاہتی لیکن نام نہاد قوم پرست اور سیاسی جماعتوں کے سندھ سے تعلق رکھنے والے بعض رہنما ایسی باتیں کہتے ہوئے نظر آتے ہیں کہ سندھ کی تقسیم کی بات کی گئی تو دریائے سندھ کو خون میں نہلا دیا جائے گا، فلاں فلاں جگہ کشت و خون ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جو عناصر گالی، گولی، دہشت گردی اور غنڈہ گردی کی زبان میں بات کرکے اگر یہ سمجھتے ہیں کہ اردو بولنے والے سندھیوں جنہیں عرف عام میں مہاجر کہا جاتا ہے، انہیں دبا دیا جائے گا، ڈرا دھمکا دیا جائے گا تو یہ بات سمجھ لی جائے کہ یہ 21 ویں صدی کا زمانہ ہے۔ ہم اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ،
ہاتھ ملاؤگے ۔۔۔ ہاتھ ملائیں گے
دل ملاؤ گے ۔۔۔ دل ملائیں گے
پیار کرو گے ۔۔۔ پیارکریں گے
کرم کرو گے ۔۔۔ کرم کریں گے
ستم کرو گے ۔۔۔ ستم کریں گے
ہم آدمی ہیں تمہارے جیسے
جو تم کرو گے وہ ہم کریں گے
الطاف حسین نے کہا کہ امن و یکجہتی کا درس دیتے دیتے میں تو نہیں تھکوں گا لیکن اگر اردو بولنے والی سندھی آبادی امن و بھائی چارے اور یکجہتی کا درس سنتے سنتے تھک گئی تو الطاف حسین کی امن و یکجہتی کی اپیلیں بھی کام نہیں آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ میں ایک مرتبہ پھر اپنے چاہنے والوں سے کہتا ہوں کہ وہ صبر و تحمل سے کام لیں، اپنے جذبات قابو میں رکھیں اور ضبط و برداشت کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔ انہوں نے کہا کہ میں دھمکیاں دینے والے نام نہاد قوم پرستوں سے کہتا ہوں کہ ہم بھی دیکھیں گے کہ ۔۔۔ زور کتنا بازوئے قاتل میں ہے۔
خبر کا کوڈ : 148987
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش