0
Thursday 19 Nov 2009 12:14

خود مختاری اور ملکی سلامتی کیلئے کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں،مہم جو ہمسائے سے مستقل خطرہ ہے،جنرل کیانی

خود مختاری اور ملکی سلامتی کیلئے کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں،مہم جو ہمسائے سے مستقل خطرہ ہے،جنرل کیانی
اسلام آباد،رسالپور:چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا ہے کہ ملک کے دفاع کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے،ملک تاریخ کے مشکل ترین دور سے گزر رہا ہے،پاک آرمی جنگجوﺅں اور انتہا پسندوں کیخلاف کارروائی جاری رکھے گی،انتہا پسندی اور دہشت گردی کا خاتمہ کرینگے، قائداعظم رہ اور علامہ اقبال رہ کا پاکستان قائم رہے گا،دہشت گردی کی جڑیں اکھاڑ پھینکی ہیں، پاکستان کو اپنے مہم جو ہمسایہ سے مستقل خطرہ ہے،آپریشن راہ نجات میں پاک فضائیہ نے بھرپور مدد کی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں پاکستان ایئرفورس اکیڈمی میں 123 ایس جی ڈی پائلٹ کے حوالے سے منعقدہ پاسنگ آﺅٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ ملک کے دفاع کیلئے کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں ملک کے دفاع کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پڑوسی ملک سے مستقل خطرے کا سامنا ہے۔ پاکستان کو مہم جو دشمن سے خطرات لاحق ہیں۔ دشمن ہمسایہ توسیع پسندانہ عزائم رکھتا ہے۔پاک فوج ملک کے خلاف کسی بھی جارحیت کو ناکام بنانے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اندرونی طور پر دہشت گردی اور انتہا پسندی جیسے چیلنجز درپیش ہیں ملک تاریخ کے مشکل ترین دور سے گزر رہا ہے اور فیصلہ کن موڑ پر کھڑا ہے۔ اسے غیر معمولی حالات کا سامنا ہے۔ ملک کا دفاع دستیاب وسائل سے کریں گے۔ آرمی چیف نے کہا قائداعظم رہ اور علامہ اقبال رہ کے نظریات کے مطابق پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری پر آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔ پاکستان دو قومی نظریے کی بنیاد پر بنایا گیا ہے،قائداعظم رہ اور علامہ اقبال رہ کا پاکستان قائم رہے گا۔ انہوں نے کہا پاک فوج نے دہشت گردوں اور انتہا پسندوں کے خلاف کامیاب کارروائی کر کے دہشت گردی کی جڑیں اکھاڑ پھینکی ہیں۔ پاک آرمی ملک کے دفاع کی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔ ہر مشکل وقت میں پاک آرمی نے قوم کی بھرپور مدد کی۔ انہوں نے کہا کوئی اس غلط فہمی کا شکار نہ ہو پاک آرمی پاکستان کا بھرپور دفاع کرے گی۔ ہمیں مالاکنڈ،سوات میں اہم کامیابی ملی ہے اور اب فوج جنوبی وزیرستان میں بھی سرخرو ہو گی،فوج کو قوم کی بھرپور حمایت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہمیں دشمن نے مقابلہ کرنے پر مجبور کیا تو اس کے لئے ہم تیار ہیں۔ ہمیں اپنی سرحدوں کے اندر دہشت گردی ا ور جنگی جنون کی شکل میں ایک اور چیلنج کا سامنا ہے۔ فضائیہ کے بھرپور تعاون نے ان علاقوں میں زمینی دستوں کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ ہمیں اپنی تینوں مسلح افواج پر فخر ہے،تقریب کے اختتامی حصے میں انہوں نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کیڈٹوں میں انعامات اور اسناد تقسم کیں۔
 رسالپور:چیف آف آرمی اسٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا ہے کہ مسلح افواج ملک کو درپیش ہر قسم کے خطرے سے نمٹنے کے لئے پوری طرح تیار ہیں،کوئی بھی ہمارے پختہ عزم کے بارے میں غلط فہمی میں نہ رہے،ہم اللہ تعالیٰ کی مدد سے پاکستان کا تحفظ اور دفاع کریں گے،پوری قوم ملک کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے پرعزم ہے۔ بدھ کو پی اے ایف اکیڈمی رسالپور میں مختلف کورسز کے گریجویٹس کی پاسنگ آؤٹ کیڈٹس سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ آج ہمیں جتنے چیلنج درپیش ہیں، اس سے پہلے نہیں تھے،مجھے پختہ یقین ہے کہ 17 کروڑ افراد کی ایک قوم کی حیثیت سے ہم ان چیلنجوں پر قابو پانے کا پختہ عزم رکھتے ہیں،قوم ان چیلنجوں سے نمٹنے اور قائد اعظم و علامہ اقبال کے پاکستان کی حقیقی شناخت کو بحال کرنے کیلئے متحد ہے۔پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل راؤ قمر سلیمان اور ایئر آفیسر کمانڈنگ ایئر وائس مارشل حفیظ اللہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔پاسنگ آؤٹ کیڈٹس سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ مسلح افواج ملک کو درپیش خطرے سے نمٹنے کے لئے پوری طرح چوکس ہیں اور کوئی بھی ہمارے عزم کے بارے میں غلط فہمی میں نہ رہے،ہم انشاء اللہ پاکستان کا تحفظ اور دفاع کریں گے۔ انہوں نے کہا سوات میں کامیابی سے کیا گیا آپریشن مسلح افواج کے عزم اور مہارت کا ثبوت ہے اور جنوبی وزیرستان میں جاری آپریشن پاک فوج کے عزم اور پیشہ ورانہ مہارت کا واضح ثبوت ہے۔انہوں نے حالیہ آپریشنز کے دوران پاک فضائیہ کی بھرپور مدد اور تعاون کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اس کی مدد سے ہمارے جوانوں کو آپریشن کی کامیابی میں بھرپور مدد ملی ہے۔ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے مالاکنڈ اور وزیرستان کے بے گھر افراد کی مشکلات کم کرنے میں مسلح افواج اور قوم کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ مہمان نوازی اور قربانی کی ہماری عظیم روایات کے عین مطابق ہے۔ انہوں نے کیڈٹس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ قوم نے ان پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے،اب ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس اعتماد پر پورا اتریں اور مادرِ وطن کے تحفظ میں قائدانہ کردار ادا کریں۔آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان دو قومی نظریے کی بنیاد پر قائم ہوا تھا اور من حیث القوم حقیقی مذہبی اقدار پر عملدرآمد میں کوئی تضاد نہیں سمجھتے،لیکن ہم اس بات کی اجازت نہیں دیں گے کہ انتہا پسندی اور دہشتگردی کے ذریعے ہمیں مرعوب کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 15341
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش