0
Tuesday 17 Apr 2012 19:46

ملت ایران اپنی مسلح افواج کے ساتھ عالمی سامراج کے سامنے ڈٹی رہے گی، احمدی نژاد

ملت ایران اپنی مسلح افواج کے ساتھ عالمی سامراج کے سامنے ڈٹی رہے گی، احمدی نژاد
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر محمود احمدی نژاد نے کہا ہے کہ ایران کی مسلح افواج اپنے ملک کی ارضی سالمیت کا تحفظ کرنے کے ساتھ ساتھ علاقائی ملکوں کے ساتھ علاقے میں امن و سلامتی برقرار رکھنے کی آمادگی رکھتی ہیں۔ صدر جناب احمدی نژاد نے آج یوم مسلح افواج کی مناسبت سے مسلح افواج کی پریڈ سے خطاب میں خلیج فارس کی اہمیت و حساسیت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امن و سلامتی علاقائی ملکوں اور قوموں کے باہمی تعاون سے قائم ہو سکتی ہے اور بیرونی ملکوں کی فوجی موجودگی سے اختلافات و بدامنی کے علاوہ کوئی نتیجہ نہیں نکلا ہے۔ 

صدر جناب احمدی نژاد نے ملت ایران کو سب سے زیادہ امن پسند قوم قرار دیا اور کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ ملت ایران ہمیشہ دوسری قوموں کی خوشیوں اور غموں میں شریک رہی ہے۔ صدر جناب احمدی نژاد نے کہا کہ ملت ایران اپنی مسلح افواج کے ساتھ عالمی سامراج کے سامنے ڈٹی رہے گی اور ساری دنیا میں مظلوموں کا دفاع کرے گي۔ صدر مملکت نے کہا کہ تہذیب سے عاری خودغرض سرمایہ دار، حریت پسند اور عدل و انصاف کی خواہاں نیز اپنے پیروں پر کھڑا ہونے کی خواہش رکھنے والی قوموں کو کچل رہے ہیں لہذا وہ ایران کی سرفراز، سربلند اور ہمیشہ ہوشیار مسلح افواج سے کیسے خوش رہ سکتے ہیں۔ 

یاد رہے کہ آج یوم مسلح افواج کی مناسبت سے بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی رہ کے مقبرے کے سامنے مسلح افواج نے پریڈ کی۔ اس پریڈ کے دوران مختلف طرح کے جنگی طیاروں نے بھی پروازیں کیں۔ اس پریڈ میں مسلح افواج کے تحقیقاتی اور صنعتی اداروں کی مصنوعات کی نمائش کی گئی۔ پریڈ میں جدید قسم کے ٹینک ذوالفقار، مختلف طرح کی بھاری اور نیم بھاری توپیں، نازعات اور میثاق 2 نامی راکٹ لانچر، ٹینک لےجانے والے بھاری ٹرک اور کیمیائی آلودگی ختم کرنے والے سسٹم کی نمائش کی گئی۔ اس موقع پر خاتم الانبياء ص ایئر ڈیفنس کمانڈ نے بھی اپنے ساز و سامان کی نمائش لگائی جس میں مطلع الفجر نامی راڈار اور قومی راڈار خاص طور سے قابل ذکر ہیں۔

خبر کا کوڈ : 154193
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش