0
Saturday 12 May 2012 23:08

ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین کے زیراہتمام جشن ولادت بی بی فاطمہ الزھرا س کی تقریب الحمراء میں ہوگی

ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین کے زیراہتمام جشن ولادت بی بی فاطمہ الزھرا س کی تقریب الحمراء میں ہوگی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کے زیراہتمام جشن ولادت باسعادت دختر رسول ام الحسنین حضرت بی بی فاطمہ الزھراء کی خصوصی تقریب اتوار دوپہر دو بجے الحمراء ہال نمبر ایک مال روڈ لاہور میں ہو گی۔ ایم ڈبلیو ایم  کے رہنماؤں علامہ ابوذر مہدوی، خانم سکینہ مہدوی، خانم لبنٰی تقوی، خانم خوبرو گیلانی و دیگر نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے شعبہ خواتین کے زیراہتمام جشن ولادت کی تقریب میں مجلس وحدت کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری مہمان خصوصی ہوں گے۔

جشن کی مناسبت سے منعقدہ اس تقریب سے علامہ ابوذر مہدوی، علامہ عبدالخالق اسدی، محترمہ کلثوم نواز شریف، محترمہ ثمینہ خاور حیات رکن پنجاب اسمبلی، محترمہ سمعیہ راحیل قاضی رکن قومی اسمبلی، محترمہ سیدہ عظمٰی بخاری رکن پنجاب اسمبلی، محترمہ لبنٰی نوشابہ ضیاء اور محترمہ خانم ذکیہ نقوی خصوصی خطاب کریں گی۔ مجلس وحدت کے رہنماؤں نے کہا کہ محترمہ ثمینہ خاور حیات نے پنجاب اسمبلی میں جو قرارداد پیش کی ہے کہ سیدہ کائنات حضرت فاطمہ کے یوم ولادت کو یوم مادر اور یوم خواتین قرار دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ثمینہ خاور کی اس قرارداد کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہیں اور پنجاب حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس قرارداد کو پاس کر کے اس کو قانونی شکل دی جائے۔

مقررین نے کہا کہ 20 جمادی الثانی کو عام تعطیل کا اعلان بھی کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سیدہ دو عالم ایک بہترین ماں تھیں اور عالمی مادر ڈے کے موقع پر دنیا کی اس عظیم ماں کو خراج عقیدت پیش کرنا ہی حق بنتا ہے، جس نے اپنے جگر گوشہ کو میدان کربلا میں اسلام کی بقا کے لئے قربان کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کی اشاعت میں سب سے زیادہ کردار جناب سیدہ فاطمہ (ع) کا ہے، جن کے شوہر دنیا کے سب سے بڑے سپہ سالار اور بہترین حکمران تھے۔ رہنماؤں نے کہا کہ اتوار کو ہونے والی فاطمہ کانفرنس اتحاد بین المسلمین کے لئے ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گی۔
خبر کا کوڈ : 161280
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش