0
Sunday 13 May 2012 03:43

12 مئی بھولنے کا دن نہیں ہے، شہر میں روزانہ 12 مئی ہوتا ہے، شاہی سید

12 مئی بھولنے کا دن نہیں ہے، شہر میں روزانہ 12 مئی ہوتا ہے، شاہی سید
اسلام ٹائمز۔ عوامی نیشنل پارٹی سندھ کی جانب سے سانحہ 12 مئی کی یاد میں مقامی ہوٹل میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا، سیمینار سے عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر اور پختون ایکشن کمیٹی ( لویہ جرگہ ) چیئرمین سینیٹر شاہی سید دیگر سیاسی پارٹیوں کے رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔ سیمینار سے اے این پی سندھ کے صدر سینیٹر شاہی سید خطاب نے کرتے ہوئے کہا کہ بارہ مئی بھولنے کا دن نہیں ہے، بارہ مئی کو مختلف پارٹیوں کے لوگوں کو ہلاک کیا گیا، شہر میں روزانہ بارہ مئی ہوتا ہے، نشتر پارک میں علماء اور نو اپریل کو وکلاء کو زندہ جلایا گیا ان سب کے سانحات کی ذمہ دار ایک ہی جماعت ہے، سانحہ بارہ مئی کے گواہ، پورا شہر، تمام سیاسی جماعتیں اور چیف جسٹس آف پاکستان خود ہیں، شہر میں کوئی بڑی سیاسی سرگرمی کا اعلان کرتے ہی ایک مذموم منصوبے کے تحت کراچی کے حالات کو خراب کیا جاتا ہے، بڑی بڑی باتیں کرنے والے آج کیوں خاموش ہیں، آج کے سیمینار کے توسط سے میں اہم ایوانوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ کراچی کی تمام مافیاز کے خلاف بھرپور کارروائی کرنا ہوگی۔

شاہی سید نے کہا کہ کراچی کو اسلحہ سے پاک کرکے ٹرید سٹی بنانا ہوگا، کراچی کی موجودہ حلقہ بندیوں، خانہ شماری کو مسترد کرتے ہیں کراچی میں ٹارگٹ کلنگ ایک خاص منصوبے کے تحت کی جا رہی ہے، جس کا مقصد پاکستان کو عدم استحکام کی طرف دھکیلنا چاہتے ہیں، بے گناہ افراد کی ٹارگٹ کلنگ اس لیے کی جاتی ہے تاکہ کراچی میں روزگار کے لیے آنے والے افراد کو خوف زدہ کیا جا سکے اور کراچی پر اس کا ناجائز تسلط برقرار رکھا جاسکے مگر انہیں اچھی طرح سمجھا دینا چاہتے ہیں کہ ہمیں کسی طور پر خوف زدہ نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جج تو آزاد ہوگئے ہیں مگر انصاف آزاد نہیں ہوا۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل پارٹی کے رہنماء حاصل بخش بزنجو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وکی لیکس کے مطابق شہر میں ایک جماعت کے پاس پندرہ ہزار سے زائد مسلح افراد موجود ہیں مگر افسوس کے ریاست اب تک خاموش ہے، سانحہ بارہ مئی والے دن میں خود اس ریلی میں موجود تھا اور سب کچھ اپنی آنکھوں سے دیکھا مگر افسوس کے آج آزاد عدلیہ بھی اس معاملے میں مکمل طور پر خاموش ہے، اس خاموشی کو توڑنا ہوگا اور آزاد عدلیہ کے شہداء کو انصاف دینا ہوگا۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر اسد اللہ بھٹو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے آج ایک مرتبہ پھر چیف جسٹس کو سانحہ بارہ مئی کی ویڈیوز دکھائی ہیں، اس سانحہ کے ذمہ داران کو ہر صورت میں سخت ترین سزا دینی ہوگی، ان شہداء کا خون آزاد عدلیہ پر قرض ہے، کراچی میں روز بارہ مئی ہوتا ہے۔

پاکستان ورکرز پارٹی کے سربراہ یوسف مستی خان موجودہ دور علم و ٹیکنالوجی کا دور ہے، موجودہ وقت اس بات کا تقاضہ کرتا ہے کہ نیب کی طرح مظلوم قومیتوں کا اتحاد بنانا ہوگا، سانحہ بارہ مئی کے ذمہ داران کو ہر حال میں نشان عبرت بنانا ہوگا۔ سندھ یونائٹڈ پارٹی کے سربراہ جلال محمود شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ کچھ عرصے کا سب سے گھناؤنا واقعہ سانحہ بارہ مئی ہے، بارہ مئی کو ریاستی دہشت گردی ایک سیاسی جماعت کی مدد سے کی گئی، عدالتوں کے راست بند کیے گئے اور قابل احترام ججوں کی تذلیل کی گئی، این آر او میں ایسے افراد کو مستفید کیا گیا جن کو کراچی میں بدامنی پھیلانے کا لائسنس دیا گیا ہے، مجرم کو کبھی نہ کبھی سخت ترین سزا ہوگی، سیاست کو تشدد کے تابع نہیں کرنا چاہیے۔

پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی کے صوبائی رہنماء سکندر خان یوسف زئی نے کہا کہ اگر سانحہ بارہ مئی کے ذمہ داران کو سزا دی جا چکی ہوتی تو کراچی میں ٹارگٹ کلنگ ختم ہو چکی ہوتی۔ سندھ دوست اتحاد کے سربراہ ظفر جھنڈیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام جماعتوں کو کراچی کے امن دشمنوں اور سانحہ بارہ مئی کے ذمہ داران کے خلاف ایک آواز ہونا پڑے گا۔ جسقم کے رہنماء آصف بلیدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ بارہ مئی کا واقعہ ہر حوالے سے قابل مذمت ہے، بہت کچھ ہو چکا اب شرپسندوں کو سمجھ جانا چاہیے۔

پنجابی پختون اتحاد کے مراد شاہ نے کہا کہ جس فاشست تنظیم نے اس دن جو کچھ کیا اس کے بارے میں اب مزید کچھ کہنے کی ضرورت نہیں۔ سانحہ بارہ مئی کے شہداء کے قاتلوں کو بدترین سزا دی جائے۔ سیمینار سے عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی لیبر سیکریٹری رانا گل آفریدی، صوبائی نائب صدر شازیہ بتول اور پختون ایس ایف کے صوبائی صدر رضا خان جدون اور پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کے ملک نیاز مزدور رہنماء نور محمد، کرامت علی نے بھی خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 161317
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش