0
Thursday 24 May 2012 15:22

کراچی کے عوام کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے،فضل کریم

کراچی کے عوام کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے،فضل کریم
اسلام ٹائمز۔ کراچی کے حالات پر ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ عالمی سازش کے تحت کراچی کو خانہ جنگی کی طرف دھکیلا جا رہا ہے تاکہ پاکستان کی معیشت کو تباہ کر کے پاکستان کو ناکام ریاست بنایا جا سکے، کراچی کے عوام کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے، کراچی میں بدامنی کے ذمہ دار لسانی طالبان ہیں۔

صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ کراچی میں قیام امن کے لیے بھتہ خور دہشت گردوں، ڈرگ مافیا اور استعماری ایجنٹوں کو ریاستی گرفت میں لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ 22مئی کے خونریز واقعہ نے سانحۂ 12مئی کی یاد تازہ کر دی ہے، کراچی بین الاقوامی سازشوں کی آماجگاہ بن چکا ہے، کراچی میں ایک ہی دن 17افراد کی ہلاکت حکومت کی نااہلی اور ناکامی کا کھلا ثبوت ہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ کراچی میں جاری خونی کھیل بند کروانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنی قانونی اور آئینی ذمہ داریاں پوری کریں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کو سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کرچی کرچی کیا جا رہا ہے اور لبرل فاشسٹ بے گناہ انسانوں کا خون بہا رہے ہیں۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں کراچی میں بدامنی کے خاتمے کے لیے اپنا اپنا کردار ادا کریں۔ اجلاس میں پیر محمد اطہر القادری، طارق محبوب، مفتی محمد سعید رضوی، محمد نواز کھرل، صاحبزادہ محمد داؤد رضوی، مولانا محمد اکبر نقشبندی، مفتی محمد حسیب قادری، صاحبزادہ سید صابر گردیزی، الحاج سرفراز تارڑ، مولانا قاری مختار احمد صدیقی اور پیر طارق ولی چشتی نے بھی شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 165066
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش