0
Tuesday 26 Jun 2012 00:17

آستان عالیہ کا نقصان ہمارا قومی المیہ ہے، یاسین ملک

آستان عالیہ کا نقصان ہمارا قومی المیہ ہے، یاسین ملک
اسلام ٹائمز۔ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے ایک بیان میں کہا ہے کہ درگاہ حضرت پیران پیر شیخ سید عبدالقادر جیلانی خانیار سرینگر کی شہادت نے ہمارے قلوب کو چیر کر رکھ دیا ہے، انہوں نے کہا کہ یہ آستان عالیہ لاکھوں کشمیریوں کی والہانہ عقیدت و محبت کا مرکز ہے اور آج ہر کشمیری کی آنکھ پرنم ہے، یاسین ملک نے کہا کہ آستان عالیہ خانیار ہماری صدیوں کی میراث اور قومی سرمایہ ہے۔ جس کا نقصان ہمارا قومی نقصان اور المیہ ہے، آج عقیدت و محبت کے اس مظہر مقام کی ایک عظیم سانحے نے ہم سے ہمارے سکون کو چھین لیا ہے، انہوں نے کہا کہ یہاں کے تمام مسلمان پیران پیر کے ساتھ خصوصی محبت و عقیدت رکھتے ہیں اور اسی عقیدت کے پیش نظر ہم سب آج سوگوار ہیں۔
 
یاسین ملک نے نامعلوم افراد کے ہاتھوں درگاہ عالیہ میں آتشزدگی کے خلاف 26 جون کو جموں و کشمیر میں مکمل ہڑتال کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ تمام کشمیری اس عظیم سانحے اور غم کے پیش نظر اپنے کاروبار، دفاتر، ٹرانسپورٹ اور دوسری سرگرمیاں ترک کریں گے، یاسین ملک نے کہا کہ کشمیر کی سول سوسائٹی کو اس سانحے اس کے محرکات اور اسباب کی مکمل جانچ اور چھان بین کرنے میں پہل کرنی چاہیے تاکہ عقیدت کے مرکز ایسے مقامات کی اسطرح شہادت اور نقصان کا سدباب ہوسکے۔
 
یاسین ملک نے کہا کہ یہ بڑی بدقسمتی ہے کہ جب کہ ہم سے ہماری روحانی قدریں اور منازل دور ہو رہی ہیں اور ہمارا معاشرہ تنزلی کا شکار ہے ہمارے روحانی مراکز بھی نقصان سے دوچار ہو رہے ہیں، ایسے مواقع پر ہم سب کو اپنے اللہ کی جانب رجوع کرنا ہوگا اور اپنے گناہوں کی توبہ اور مغفرت طلب کرنی چاہیے، انہوں نے کہا کہ ہم اپنے ایسے نقصانات سے کسی بھی طور پر غفلت نہیں برت سکتے کیونکہ ایسے نقصانات کا ازالہ ناممکن ہوتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 174191
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش