0
Wednesday 27 Jun 2012 17:56

یکم جولائی خوف اور ناامیدی کے خیبر کو شکست دینے کا دن ہے، علامہ ناصر عباس

یکم جولائی خوف اور ناامیدی کے خیبر کو شکست دینے کا دن ہے، علامہ ناصر عباس
اسلام ٹائمز۔ یکم جولائی ملت جعفریہ کی عظمت کا دن ہے، قرآن و سنت کانفرنس پاکستان دشمن قوتوں کے لئے ناامیدی کا دن ہے، یکم جولائی خوف اور ناامیدی کے خیبر کو شکست دینے کا دن ہے، ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے ایم ڈبلیو ایم لاہور کے رہنماؤں سے قرآن و سنت کانفرنس کی تیاریوں کے سلسلے میں بریفنگ کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر مرکزی سیکریٹری امور جوانان علامہ اعجاز حسین بہشتی اور پنجاب کے سیکریٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی بھی موجود تھے۔
 
علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ سرزمین پاکستان میں آئے روز کی ٹارگٹ کلنگ میں شیعہ مسلمانوں کی نسل کشی، امریکی مداخلت، بڑھتی ہوئی فرقہ واریت، لوڈشیڈنگ اور دیگر ملکی مسائل کے پیش نظر منعقدہ قرآن و سنت کانفرنس میں، ملت جعفریہ ان معاملات کے حل کے لئے اپنا لائحہ عمل پیش کرے گی، ان کا کہنا تھا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ہمارے ملک کے حکومتی ادارے اور ایجنسیاں بھی ملک کی سلامتی کے لئے کوئی کام نہیں کر رہی ہیں، ملک میں بڑھتی ہوئی امریکی مداخلت اور فرقہ واریت ہماری ایجنسیوں کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ 

انکا کہنا تھا کہ اب بھی وقت ہے اگر ہمارے سکیورٹی ادارے اپنی پالیسی کا تعین کرتے ہوئے امریکی مداخلت کو روکنے کے لئے اقدامات کریں تو شاید انکی بچی کچھی عزت کی بحال میں مددگار ثابت ہو، انہون نے مزید کہا کہ قرآن و سنت کانفرنس پاکستان کے باشعور شہری کی امیدوں کے پورا ہونے کا دن ہے کہ جب پاکستان کے محب وطن شہری اس وطن کے تحفظ کے لئے اپنی تمام تر توانائیوں کے ساتھ میدان میں موجود ہوں گے اور یہ ثابت کریں گے کہ ہمارا ہر نوجوان اس سرزمین سے امریکی مداخلت اور فرقہ واریت کے خاتمے اور وحدت کے پیغام کے پرچار کے حاضر ہے۔
 
ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ ہم نے مینار پاکستان پر شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی کی یاد کو تازہ کرتے ہوئے قرآن و سنت کانفرنس کا اعلان کرکے خوف کے خیبر کو شکست دے دی ہے، یکم جولائی طاغوت کے زرخرید غلاموں کی شکست اور ملت جعفریہ کی عظمت کے اعلان کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی درس گاہ کربلا کو قرار دیا ہے اور اس راہ میں ہمارا معلم شہید عارف حسینی ہے، اسی لئے شہید حسینی کے معنوی فرزند دشمن کا اس وقت تک تعاقب کریں گے کہ جب تک اس کی نابودی کی خبر دنیا میں عام نہ ہو۔
خبر کا کوڈ : 174806
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش