0
Thursday 5 Jul 2012 08:50

ناٹو سپلائی کی بحالی نامنظور، دفاع پاکستان کونسل کا APC بلانے اور لانگ مارچ کا اعلان

ناٹو سپلائی کی بحالی نامنظور، دفاع پاکستان کونسل کا APC بلانے اور لانگ مارچ کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق نے ناٹو سپلائی کی بحالی کے خلاف 7 جولائی کو لاہور میں آل پارٹیز کانفرنس جبکہ 8 جولائی کو لاہور سے اسلام آباد تک لانگ مارچ کا اعلان کر دیا۔ ناٹو سپلائی کی بحالی کے حکومتی اعلان کے بعد راولپنڈی میں دفاع پاکستان کونسل کا ہنگامی اجلاس ہوا۔ اجلاس کے بعد دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق نے لیاقت بلوچ اور شیخ رشید و دیگر کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 8 جولائی کی صبح 9 بجے ناصر باغ لاہور سے لانگ مارچ کا آغاز ہوگا، جو اسلام آباد پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کے لیے تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے ساتھ رابطے کریں گے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ ناٹو سپلائی کی بحالی کے خلاف ایک پلیٹ فارم سے تحریک شروع کرنے کے لیے نواز شریف، مولانا فضل الرحمن اور عمران خان سمیت دیگر رہنمائوں سے رابطوں کے لیے کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ شیخ رشید احمد، عمران خان سے ملیں گے جبکہ وہ خود مولانا فضل الرحمان کو دعوت دینے جائیں گے۔ انہوں نے نواز شریف اور شہباز شریف سے بھی لانگ مارچ میں شرکت کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے حکومت کے خلاف اعلان جنگ کر دیا ہے، اللہ کے فضل و کرم سے نصرت ہمارے ساتھ ہوگی۔ ملک بھر میں جمعہ کے روز یوم احتجاج منایا جائے گا اور تمام بڑے شہروں میں مظاہرے ہوں گے۔ 

مولانا سمیع الحق نے کہا کہ ناٹو سپلائی بحال کرکے حکومت نے قوم اور ملک کو غیر اعلانیہ طور پر امریکہ کے حوالے کر دیا ہے۔ مولانا سمیع الحق نے کہا کہ وہ ناٹو سپلائی کھولنے کے فیصلے پر سیاسی و عسکری قیادت کی مذمت کرتے ہیں، حکومت قوم سے غداری پر فوری مستعفی ہوجائے۔ مولانا سمیع الحق نے ناٹو سپلائی کو غیر شرعی قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے معافی نہیں مانگی۔ حکومت نے پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیے بغیر سپلائی کی بحالی کا فیصلہ کیا۔ دفاع پاکستان کونسل کے سربراہ نے کہا کہ حکومت نے ناٹو سپلائی بحال کرکے کراچی سے چمن اور طورخم تک سڑکوں کومیدان جنگ میں تبدیل کر دیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 176783
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش