0
Saturday 14 Jul 2012 01:44

جے ایس او کا 8 واں کنونشن سیالکوٹ میں شروع، کل مرکزی صدر کا انتخاب ہو گا

جے ایس او کا 8 واں کنونشن سیالکوٹ میں شروع، کل مرکزی صدر کا انتخاب ہو گا
اسلام ٹائمز۔ جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کا آٹھواں مرکزی ”منتظرین امام کنونشن“ امام بارگاہ قصر ابوطالب مظفر پور سیالکوٹ میں شروع ہوگیا ہے۔ نماز مغربین کے بعد شروع ہونے والے کنونشن کی پہلی نشست سے اپنے افتتاحی خطاب میں جے ایس او کے مرکزی صدر حسنین جاوید جعفری نے اراکین مجلس عمومی، نظارت، سینئر تنظیمی رہنماوں اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ جے ایس او کے کارکن اخلاقیات پر توجہ دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تنظیمی مشکلات اور انحطات میں کمزور اخلاقیات کا بڑا کردار ہے۔ 

حسنین جاوید جعفری نے کہا کہ تنظیم کی توسیع اور تربیت پر گذشتہ دو سال میں بہت توجہ دی گئی ہے، ان کی خواہش ہوگی کہ آئندہ آنے والے ذمہ داران اس میں اضافہ کریں۔ جے ایس او کے مرکزی صدر نے کہا کہ جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن بین الاقوامی سطح پر پہچانی جانے والی تنظیم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی سال فروری میں تہران میں 73 ممالک سے نوجوانوں کی تنظیموں سے رابطے اور ان کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کا موقع ملا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملکی سطح پر متحدہ طلبا محاذ کی رکن تنظیم ہونے پر اس طلبہ فورم کی نائب صدارت کا شرف بھی جے ایس او کو رہا ہے۔ جے ایس او کے سابق سینیر رہنما دوست علی ونگانی نے اپنے لیکچر میں تنظیمی تربیت پر روشنی ڈالی۔ 

ہفتہ کے روز کنونشن کے دوسرے دن کی پہلی نشست میں تنظیمی امور نمٹائے جائیں گے اور اسی نشست میں مرکزی صدر حسنین جاوید جعفری اپنی کابینہ سمیت دو سالہ تنظیمی خدمات پوری کرنے کے بعد مستعفی ہو جائیں گے۔ جس کے بعد نئے مرکزی صدر کا انتخاب ہوگا۔ جس سے عہدے کا حلف جے ایس او کی مجلس نظارت کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی لیں گے۔ وہ طلوع انقلاب کانفرنس سے خطاب بھی کریں گے۔

واضح رہے کہ جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان ہر دو سال بعد مرکزی کنونشن کا انعقاد کرتی ہے، جس میں آئندہ دو سال کے لئے مرکزی صدر کا انتخاب عمل میں لایا جاتا ہے۔ جے ایس او کی 14 رکنی مرکزی مجلس نظارت، مرکزی صدر کے انتخاب کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دیتی ہے، جو مرکزی صدر کے انتخاب کو دستوری طریقہ کار کے مطابق سرانجام دیتی ہے۔ کنونشن اتوار کے روز اختتام پذیر ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 178898
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش