0
Thursday 26 Jul 2012 15:07

حکمرانوں کی مفاہمانہ پالیسیوں نے کراچی کو مقتل گاہ میں تبدیل کردیا ہے، محمد حسین محنتی

حکمرانوں کی مفاہمانہ پالیسیوں نے کراچی کو مقتل گاہ میں تبدیل کردیا ہے، محمد حسین محنتی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی مفاہمانہ پالیسیوں نے شہر کراچی کو مقتل گاہ میں تبدیل کردیا ہے، دن دیہاڑے جماعت اسلامی کے رہنما عبدالرشید فاروقی کا قتل لمحہ فکریہ ہے۔ جماعت اسلامی ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کے خاتمے کے لئے سیاسی جماعتوں کو ایک نکاتی ایجنڈے پر متحد کرے گی، عبدالرشید فاروقی کے قتل کے خلاف 27 جولائی کو نیو کراچی میں احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا، 9 اگست کو شہادت کانفرنس منعقد کی جائے گی جس سے جماعت اسلامی پاکستان کے جنرل سیکریٹری لیاقت بلوچ خطاب کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پریس کانفرنس سے جماعت اسلامی کراچی کے جنرل سیکریٹری نسیم صدیقی، ضلع وسطی کے امیر فاروق نعمت اللہ، نارتھ کراچی زون کے امیر احمر خان نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر عبدالرشید فاروقی کے بھائی شکیل فاروقی بھی موجود تھے۔

محمد حسین محنتی نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ شہر میں ایک بار پھر بڑے پیمانے پر قتل و غارت گری اور ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے، امن و امان کی صورتحال اس قدر ابتر ہوچکی ہے جنوری سے لے کر اب تک تقریبا 1200 افراد موت کے گھاٹ اتارے جاچکے ہیں المیہ یہ ہے کہ دہشتگرد اتنے زور آور ہوگئے ہیں کہ شہر میں صدر اور وزیراعظم کی موجودگی کے باوجود قیمتی انسانی جانوں کے خون سے ہاتھ رنگ رہے ہیں، ہم سمجھتے ہیں کہ شہر میں جاری قتل و غارت گری کی مکمل ذمہ داری صوبائی حکومت میں شامل پیپلز پارٹی، متحدہ قومی موومنٹ اور اے این پی پر عائد ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم کراچی کی ان قابل ذکر سیاسی جماعتوں سے جو حکومت میں شامل نہیں ہیں ملاقاتیں کریں گے اور ایک نکاتی ایجنڈے یعنی کراچی میں ٹارگٹ کلنگ روکنے اور بھتہ خوری کے خاتمے کیلئے انہیں متحد کریں گے۔ فاروق نعمت اللہ نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے جس طرح ریڈ زون کی حفاظت کرتے ہیں اسی طرح وہ شہریوں کی جان و مال اور عزت و آبرو کی بھی حفاظت کریں۔ انہوں نے کہا کہ ٹارگٹ کلنگ کے نتیجے میں امن و امان کی صورتحال ابتر ہوتی جارہی ہے، حکومت مجرموں کو گرفتار کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔ ایسے میں اگر شہری خود انتقام لینے اٹھ کھڑے ہوئے تو پورا شہر انارکی کا شکار ہوجائے گا۔
خبر کا کوڈ : 182324
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش