0
Thursday 2 Aug 2012 05:11

مسلم لیگ ن نے گلگت بلتستان کے عوام کی توہین کی ہے، مہدی شاہ

مسلم لیگ ن نے گلگت بلتستان کے عوام کی توہین کی ہے، مہدی شاہ
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ میڈیا سیل سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے گلگت بلتستان کے عوام کو شناخت دی ہے اور صوبائی طرز کا سیٹ اپ دیکر یہاں کے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا کردیا ہے۔ جبکہ پاکستان مسلم لیگ ن صوبائی سیٹ اپ کے خلاف بیانات دیکر گلگت بلتستان کے عوام کی توہین کر رہی ہے۔ میڈیا سیل سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ حافظ حفیظ الرحمٰن کا وطیرہ رہا ہے کہ وہ میڈیا میں اپنے آپ کو زندہ رکھنے کیلئے اخباری بیانات کا سہارا لیتے ہوئے وقتاً فوقتاً ڈرامہ بازی کرتے رہتے ہیں۔ بیان میں اس بات کو جھوٹ اور منفی پروپیگنڈہ قرار دیا گیا ہے جس میں حفیظ الرحمٰن نے کہا تھا کہ پیپلز پارٹی والے وزارت امور کشمیر اور منظور ووٹو کے گرد چکر لگا رہے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان ملک کے دیگر چار صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کی طرح مکمل بااختیار ہیں اور صدر پاکستان آصف علی زرداری کی تائید و حمایت کے ساتھ گلگت بلتستان کے عوام کی خدمت کر رہے ہیں اور جب تک پاکستان پیپلز پارٹی کے قائدین کی حمایت رہے گی خدمت کا یہ سلسلہ جاری رہیگا۔ بیان میں حافظ حفیظ الرحمٰن کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنی پارٹی کی حالت زار پر توجہ دیں کیونکہ پارٹی کا وجود باقی تمام اضلاع سے ختم ہو چکا ہے اور اب یہ قومی پارٹی ایک محلے کی پارٹی بن کر رہ گئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 184186
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش