0
Friday 24 Aug 2012 19:36

ڈرون حملے پاکستان کی خودمختاری کیخلاف، مسئلہ حل کرنے کے مختلف آپشن زير غور ہيں، دفترخارجہ

ڈرون حملے پاکستان کی خودمختاری کیخلاف، مسئلہ حل کرنے کے مختلف آپشن زير غور ہيں، دفترخارجہ
اسلام ٹائمز۔ پاکستان نے کہا ہے کہ وہ اپنی سرزمين پر ہونے والے غيرقانونی ڈرون حملوں کا مسئلہ حل کرنے کے ليے امريکا سے رابطے ميں ہے اور مختلف آپشن زيرغور ہيں۔ ترجمان دفترخارجہ نے اسلام آباد ميں ميڈيا کو بريفنگ کے دوران بتايا کہ ڈرون حملے پاکستان کی خودمختاری کيخلاف ہيں، يہ غير قانونی ہيں، ڈرون حملوں کا مسئلہ امريکا کے ساتھ باہمی سطح پر حل کرنے کی کوشش کررہے ہيں، مختلف تجاويز زير غور ہيں اور حل کے مختلف آپشن موجود ہيں۔ ترجمان نے کہاکہ پاک امريکا اسٹريٹجک ڈائيلاگ رواں برس ہونے کی توقع ہے، جس کے ليے کام جاری ہے۔ ترجمان نے بھارتی رياست آسام ميں مداخلت سے متعلق بھارتی وزيرداخلہ کے پاکستان پر الزام کو قابل افسوس قرار ديتے ہوئے کہ بھارت کے پاس ايسی کوئی اطلاع ہے تو پاکستان کے ساتھ شيئر کرے۔ 

دیگر ذرائع کے مطابق دفترخارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان دوطرفہ مذاکرات کے ذریعے ڈرون حملے ختم کرنے کے معاملے پر مختلف تجاویز زیرغور ہیں۔ پاکستان کی سرزمین کسی بھی ملک کے خلاف استعمال نہ ہونے کے عزم پر سختی سے قائم ہیں۔ دفتر خارجہ کے ترجمان معظم احمد خان نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ ڈرون حملے غیر قانونی، عالمی قوانین اور پاکستان کی خودمختاری کی خلاف ورزی ہیں، پاکستان کی طرف سے ڈرون حملوں کا معاملہ عالمی عدالت انصاف یا اقوام متحدہ میں لے جانے سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ دوطرفہ مذاکرات کے ذریعے ڈرون حملوں کا مسئلہ حل کرنے پر پاکستان اور امریکہ کے درمیان مختلف تجاویز زیر غور ہیں۔ ترجمان نے ان تجاویز کی تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا۔ 

امریکہ کے لیے پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی کی طرف سے پاک امریکہ تعلقات میں کمی کی تجویز سے معظم احمد خان نے عدم اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے لیے یہ تعلقات بہت اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں طرف سے ان تعلقات کو باہمی احترام اور باہمی مفاد کے تحت آگے بڑھانے کا جذبہ موجود ہے، معظم احمد خان نے کہا کہ افغانستان سے پاکستان کے اندر دہشت گرد حملوں پر ہمیں تشویش ہے۔ ایساف، نیٹو اور افغان حکومت کو ان حملوں کو بند کرنے کے لیے اقدامات لینے کا ہم نے بار بار کہا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین کسی بھی ملک کے خلاف استعمال نہ ہونے کے عزم پر سختی سے قائم ہیں۔
خبر کا کوڈ : 189702
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش