0
Thursday 11 Oct 2012 17:55

صوبائی حکومت عوام کی ترجمانی کے بجائے اپنے مفادات کے پیچھے ہے، علامہ حسن جعفری

صوبائی حکومت عوام کی ترجمانی کے بجائے اپنے مفادات کے پیچھے ہے، علامہ حسن جعفری
اسلام ٹائمز۔ جامع مسجد اسکردو کے امام جمعہ و الجماعت علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے کہا ہے کہ وزارت مواصلات نے اسکردو گلگت روڈ منصوبہ منسوخ کرکے بلتستان کے لاکھوں عوام پر سنگین ظلم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کی بدقسمتی ہے کہ اتنی اہم وزارت میں اس قدر نااہل لوگ بیٹھے ہوئے ہیں جو جغرافیائی اور معاشرتی اعتبار سے انتہائی اہمیت کے حامل شاہراہ کی تعمیر کو غیر ضروری قرار دے رہے ہیں۔ اس طرح کے نااہل اور ناعاقبت اندیش اور غیر ذمہ دار لوگوں کی وجہ سے ہی ملک آج معاشی و سیاسی بدحالی کے دہانے پر کھڑا ہے۔ علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے کہا ہے کہ گلگت اسکردو روڈ نہ صرف بلتستان کیلئے معاشی لائف لائن کی حیثیت رکھتا ہے بلکہ دفاعی نقطہ نگاہ سے اس کی اہمیت اور حساسیت اہم ہے۔ حکومت کو چاہئے تھا کہ اس شاہراہ کو بغیر کسی مطالبے کے پہلی فرصت میں بین الاقوامی معیار کے مطابق بنائے، مگر ستم ظریفی ہے کہ عوام کے دیرینہ مطالبے کے باوجود مختلف حیلے بہانوں سے اس عوامی منصوبے کو روک کر عوام دشمنی کا مظاہرہ کیا جارہا ہے۔

علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے گلگت بلتستان کی صوبائی حکومت پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے صوبائی حکومت عوام کی ترجمانی کرنے کی بجائے اپنے مفادات کے پیچھے پڑی ہوئی ہے۔ گلگت سکردو روڈ منصوبہ کی منسوخی میں صوبائی حکومت کی نااہلی کو صرف نظر نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے دورہ گلگت کے موقع پر ہم توقع کر رہے تھے کہ وہ گلگت اسکردو روڈ کی تعمیر کے آغاز کا اعلان بھی کرینگے مگر ایسا نہیں ہوا، وزیراعظم کے دورے سے کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ علامہ حسن جعفری نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فی الفور گلگت اسکردو روڈ کی توسیع کے منصوبے کا آغاز کرے۔ اس سلسلے میں وزیراعلیٰ گلگت بلتستان اور صوبائی حکومت بھی عوام کی ترجمانی کرتے ہوئے اپنا فرض ادا کرے بصورت دیگر بلتستان کے عوام حکومت کی اس منصوبہ پر عمل درآمد کیلئے مجبور کرینگے۔
خبر کا کوڈ : 202546
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش