0
Thursday 11 Oct 2012 09:28

اسرائیل ایران پر حملے کی غلطی نہیں کریگا، آزاد اور انصاف پسند قوموں کی ترقی کے حامی ہیں، ایرانی صدر

اسرائیل ایران پر حملے کی غلطی نہیں کریگا، آزاد اور انصاف پسند قوموں کی ترقی کے حامی ہیں، ایرانی صدر
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر محمود احمدی نژاد نے کہا ہے کہ ایران تسلط پسند طاقتوں کے دباؤ کے باوجود آزاد اور انصاف پسند قوموں کی ترقی و پیشرفت کی حمایت کرتا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ایرانی صدر نے تہران میں صومالیہ، نائیجیریا اور فن لینڈ کے سفیروں سے الگ الگ ملاقات کی۔ ڈاکٹر احمدی نژاد نے کہا کہ تمام قومیں آج پیچیدہ، سخت اور غیر منصفانہ پالیسیوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورت حال کے دباؤ کا شکار ہیں اور یہ صورت حال زیادہ عرصے جاری نہیں رہ سکتی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دنیا کی موجودہ صورت حال کو تیزی کے ساتھ ایک ایسے مصفانہ اور انسانی نظام میں تبدیل ہونا چاہیے کہ جس میں تمام انسان امن و سلامتی کا احساس کریں اور امن و ترقی سب کے لیے ہو۔ 

ان ملاقاتوں میں صدر مملکت نے ان ممالک کے سفراء کے ساتھ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے ان ملکوں کے ساتھ تعلقات کو زیادہ سے فروغ دینے کی خواہش ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ ان ممالک کے ساتھ باہمی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے پوری توانائیوں اور صلاحیتوں سے استفادہ کرنا چاہیے، ان ممالک کے سفراء نے بھی اس ملاقات میں اسلامی جمہوریہ ایران کو دنیا کا ایک اہم ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایران کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ 

ادھر ایک ٹی وی چینل کے ساتھ گفتگو میں ایرانی صدر ڈاکٹر محمود احمدی نژاد کا کہنا تھا کہ ایران ایک پُرامن ملک ہے اور کسی بھی ملک کے ساتھ جنگ کا خواہاں نہیں، تاہم اپنے دفاع پر کوئی سمجھوتہ قبول نہیں کیا جائیگا۔ قوم اور مسلح افواج، قومی سلامتی اور دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کبھی بھی ایران پر حملے کی غلطی نہیں کریگا۔ اگر اس نے یہ غلطی کی تو دنیا جانتی ہے کہ یہ اسرائیل کے لیے خود کشی ثابت ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ قتل و غارت اور فلسطینی علاقوں پر قبضہ کرنا صیہونی حکومت کا وطیرہ بن چکا ہے اور وہ اپنی ان حرکتوں سے باز نہیں آئیگا۔
خبر کا کوڈ : 202670
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش