0
Thursday 1 Nov 2012 20:09

محکمہ داخلہ پنجاب نے محرم الحرام کے دوران 24 اضلاع کو حساس قرار دیدیا

محکمہ داخلہ پنجاب نے محرم الحرام کے دوران 24 اضلاع کو حساس قرار دیدیا
اسلام ٹائمز۔ حساس اداروں کی طرف سے محرم الحرام کے پہلے عشرہ میں ممکنہ دہشت گردی کی اطلاعات کے بعد پنجاب بھر میں 10 دن کیلئے سکیورٹی ریڈالرٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ فوج اور رینجرز کی 95 کمپنیوں حساس اضلاع میں سکیورٹی کے فرائض سر انجام دینگی۔ لاہور کے 2920 مقامات کو حساس قرار دیدیا گیا ہے۔ محکمہ داخلہ کے ذرائع کے مطابق لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، ملتان، بہاولپور، چنیوٹ، جھنگ، ڈیرہ غازی خان، حافظ آباد، قصور اور ساہیوال سمیت پنجاب کے 24 اضلاع کو حساس قرار دیا گیا ہے۔

محکمہ داخلہ کی ہدایت پر ڈویژنل کمشنرز، ڈی سی اوز اور پولیس حکام کو یکم محرم سے 12 محرم الحرام تک چھٹی نہ کرنے اور اپنے اضلاع سے باہر جانے سے روک دیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں 7 محرم الحرام سے فلائینگ سکواڈ، کمانڈوز سمیت 40 ہزار پولیس افسران اور اہلکار ڈیوٹیاں سنبھال لیں گے اور یہ جوان 12 محرم الحرام تک 24 گھنٹے اپنی ڈیوٹی سرانجام دینگے۔ جلوسوں کے راستوں سے کوڑا دان اور پوسٹ باکس بھی عارضی طور پر ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ جلوسوں کی گزر گاہوں کے 165 پوائینٹس، 2165 مساجد، 320 امام بارگاہوں اور 268 قبرستانوں کو بھی حساس قرار دیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ جلوسوں کی گزر گاہوں میں سٹی ڈویژن کے 62 پوائینٹس، کینٹ ڈویژن کے28، سول لائن ڈویژن کے 21، صدر ڈویژن کے 18، اقبال ٹاؤن ڈویژن کے 20 اور ماڈل ٹاؤن ڈویژن کے 14 مقامات کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ مساجد میں سٹی ڈویژن کی 228، کینٹ ڈویژن کی 628، سول لائن ڈویژن کی 325، صدر ڈویژن کی 462، اقبال ٹاؤن ڈویژن کی 112 اور ماڈل ٹاؤن ڈویژن کی 410 مساجد کو حساس قرار دیا گیا ہے۔

امام بارگاہوں میں سٹی ڈویژن کی 117، کینٹ ڈویژن کی 43، سول لائن ڈویژن کی 41، صدر ڈویژن کی 69، اقبال ٹاؤن ڈویژن کی 28 اور ماڈل ٹاؤن ڈویژن کی 22 امام بارگاہوں کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ قبرستانوں میں سٹی ڈویژن کے 27، کینٹ ڈویژن کے 95، سول لائن ڈویژن کی 41، صدر ڈویژن کے 29، اقبال ٹاؤن ڈویژن کے 33 اور ماڈل ٹاؤن ڈویژن کے 57 قبرستانوں کو بھی حساس قرار دیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ عزاداروں کی طرف سے محرم الحرام میں 98 لائیسنسی جبکہ 533 غیر لائیسنسی جلوس نکالے جائیں گے جبکہ صوبہ بھر میں 36900 مجالس کا انعقاد اور 9690 جلوس نکالے جائیں گے۔ وزارت داخلہ کے ترجمان کے مطابق 9 اور 10 محرم الحرام کو ڈبل سواری کی پابندی سے خواتین، بچے اور بوڑھے مستثنیٰ ہونگے۔
خبر کا کوڈ : 208309
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش