0
Saturday 10 Nov 2012 23:55

مقبوضہ کشمیر میں سیمینارز پر پابندی ریاستی دہشت گردی ہے، علی گیلانی

مقبوضہ کشمیر میں سیمینارز پر پابندی ریاستی دہشت گردی ہے، علی گیلانی

اسلام ٹائمز۔ کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی گیلانی نے حکومت کی طرف سے مجوزہ سیمینار پر پابندی عائد کرنے، صدر دفاتر کو پولیس کے ذریعے محاصرے میں لینے اور کسی بھی شہری کو اندر نہ جانے دینے کی کارروائی کو ریاستی دہشت گردی سے تعبیر کرتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے، انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایک طرف بھارت جمہوریت اور آزادی اظہار رائے کا چمپئین ہونے کا دعویدار ہے تو دوسری طرف جموں کشمیر میں لوگوں کی مسلمہ آواز کو دبانے کے لئے طاقت کا بے تحاشا اور غلط استعمال کیا جارہا ہے، سید علی گیلانی نے کہا کہ جموں کشمیر میں عملاً فوج اور پولیس کی حکمرانی قائم ہے اور یہاں آئین اور قانون کی عملداری کا نام و نشان تک دکھائی نہیں دے رہا ہے۔
 
ان کا کہنا تھا کہ ہماری تنظیم اور فورم کو خاص نشانے پر رکھا گیا ہے اور اس پر بغیر اعلان پابندی لگادی گئی ہے، علی گیلانی نے کہا کہ مجھے پچھلے دو سال سے مسلسل اپنے گھر میں قید کیا گیا اور میرے ساتھیوں کی گرفتاریوں کا ایک نہ تھمنے والا سلسلہ بھی جاری رکھا گیا، انہوں نے کہا کہ پہلے ہمارے فورم کو پبلک جلسے کرنے کی اجازت نہیں دی جاتی تھی اور اب بند کمروں میں منعقد کی جانے والی میٹنگز اور سیمیناروں پر بھی پابندی لگادی گئی ہے۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کی تحریکِ آزادی کو دبانے کے لئے اپنی ملٹری مائیٹ کا استعمال کرے تو یہ بات کسی حد تک سمجھ میں آتی ہے کہ وہ ایک استعماری طاقت ہے، البتہ اس سلسلے میں جموں کشمیر کی حکومت کا رول سب سے زیادہ افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ وہ اپنی کرسیوں کی خاطر ”شاہ سے زیادہ وفادار“ بننے کی دوڑ میں لگے ہوئے ہیں اور دہلی کے ہر جائز و ناجائز حکم کی تعمیل کرنے میں انہیں ذرا برابر بھی شرم یا جھجھک نہیں ہوتی، ان کا کہنا تھا کہ اس طرح سے پولیس فورس کا استعمال کرکے یہاں ہمیں دبانے کی کوشش کرنا مقامی حکومت کی بُزدلی اور کمزوری کی علامت ہے، علی گیلانی نے چیلنج کیا کہ اگر میری نظر بندی ختم کرکے سیاسی سرگرمیوں سے پابندی اٹھائی گئی تو بندوق کے زور پر قائم کرائی گئی قبرستان کی خاموشی کا بھانڈا پھوٹ جائے گا۔

خبر کا کوڈ : 210776
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش