0
Thursday 29 Nov 2012 16:20

عراق کے مختلف شہروں میں خونی بم دھماکے، 37 افراد جاں بحق 100 سے زائد زخمی

عراق کے مختلف شہروں میں خونی بم دھماکے، 37 افراد جاں بحق 100 سے زائد زخمی
 اسلام ٹائمز۔ عراق کے مختلف شہروں کربلا، فلوجہ اور حلہ میں آج ہونے والے خودکش حملوں اور بم دھماکوں میں اب تک جاں بحق افراد کی تعداد 37 ہوگئی ہے جب کہ 100 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ فارس نیوز نے الجزیرہ نیوز ایجنسی کے حوالے سے خبر دی ہے کہ آج عراق کے شہروں کربلا معلٰی، بغداد، حلہ اور فلوجہ میں ہونے والے خونی بم دھماکوں سے 37 افراد جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔ ایسا لگ رہا ہے کہ نویں اور دسویں محرم الحرام کو عراق کے سیکورٹی اداروں کے سخت حفاظتی اقدامات کی وجہ سے جو دہشتگرد اپنے دہشتگردانہ حملوں میں ناکام ہوگئے تھے، وہ زیادہ دیر خاموش نہیں رہ سکے اور اب وہ انتقام حملوں پر اتر آئے ہیں اور انہوں نے عراق کے مختلف شہروں میں اپنے دہشتگردانہ حملوں کا دوبارہ آغاز کر دیا ہے۔ 

رشیا ٹوڈے نیوز ایجنسی نے لکھا ہے کہ عراق کے صوبہ الانبار کے شہر فلوجہ کے مرکز میں خودکش حملہ ہوا ہے جس کے نتیجہ میں عراقی سیکورٹی فورسز کے 3 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوئے ہیں۔ اس نیوز ایجنسی کے رپورٹ کے مطابق ایک خودکش بمبار جس نے خودکش جیکٹ پہنی ہوئی تھی، اس نے الرشید بینک کے سامنے کھڑے پولیس فورسز کے افراد کے درمیان اپنے آپکو پھٹا دیا، جس کے نتیجے میں سات افراد جاں بحق اور زخمی ہوگئے۔ اس سے پہلے کی خبروں میں بتایا گیا تھا کہ آج صبح کربلا معلٰی اور حلہ میں ہونے والے دھماکوں میں 25 افراد جاں بحق اور 93 زخمی ہوئے ہیں۔

الجزیرہ نیوز ایجنسی کے مطابق حلہ میں آج دو بم دھماکے ہوئے ہیں، پہلا حملہ سڑک کے کنارے نصب بم سے ہوا جبکہ دوسرے حملے میں ایک خودکش بمبار نے بارودی مواد سے بھری گاڑی ایک رسٹورنٹ سے ٹکرا دی، ریسٹورنٹ میں اس وقت حلہ کی بلدیہ کے ملازمین کی بہت بڑی تعداد موجود تھی۔ اس بم حملے میں 30 افراد جاں بحق اور 80 زخمی ہوگئے۔
 
 دوسری طرف کربلا میں ہونے والے بم دھماکے کے بارے میں متضاد خبریں آ رہی ہیں۔ عراقی نیوز ایجنسی "السومریہ" کے مطابق آج صبح کربلا معلٰی کے شرق میں ایک کار بم دھماکہ ہوا ہے جس نے نتیجے میں کم از کم 29 افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے ہیں۔ اس رپورٹ کے مطابق یہ کار بم دھماکہ کربلا شہر کے ایک داخلے دروازے "باب طویرج" کے علاقے میں ہوا ہے، جس سے 7 افراد جاں بحق اور 22 زخمی ہوئے ہیں۔ جن میں سے بعض زخمیوں کی حالت نازک ہے اور جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔

ادھر عراقی نیوز ایجنسی "براثا" اور "نون" نے لکھا ہے کہ یہ دھماکہ خیابان میثم تمار پر ہوا ہے۔ 
جبکہ الجزیرہ نیوز ایجنسی کے مطابق کربلا میں ہونے والے کار بم دھماکے میں 20 افراد جاں بحق اور 16 زخمی ہوئے ہیں۔ الجزیرہ کے مطابق بارود سے بھری اس کار کو حرم حضرت عباس (ع) کے نزدیک پارک کیا گیا تھا۔

دیگر ذرائع کے مطابق عراق میں بغداد کے جنوب میں ہونے والے بم دھماکوں میں 23 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ایک بم کربلا میں پل کے نیچے کھڑی گاڑی میں نصب کیا گیا تھا، جس کے پھٹنے سے 5 افراد جاں بحق جبکہ 5 سے زائد زخمی ہوئے۔ دھماکے کے بعد شہر کی تمام سڑکوں کو بند کر دیا گیا۔ دوسری جانب حلہ میں سڑک کنارے نصب دو بم پھٹنے سے 18 افراد جان بحق اور 7 زخمی ہوئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 216291
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش