0
Thursday 29 Nov 2012 22:02
عوام آئندہ عام انتخابات کو انقلاب کا ذریعہ بنادیں

پاکستان کے ایٹمی پروگرام پر قبضے کیلئے امریکہ کو جواز فراہم کیا جارہا ہے، منور حسن

پاکستان کے ایٹمی پروگرام پر قبضے کیلئے امریکہ کو جواز فراہم کیا جارہا ہے، منور حسن

اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سید منور حسن نے کہا ہے کہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام پر قبضے کیلئے امریکہ کو جواز فراہم کیا جارہا ہے، وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک کے ذریعے ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازش تیار کی گئی ہے جسے ناکام بنانے کیلئے عوام کو میدان میں آنا ہوگا، مرکز اور صوبوں میں حکمران ٹولے نے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے، عوام آئندہ عام انتخابات کو ایک بڑی تبدیلی اور انقلاب کا ذریعہ بنا دیں، شمالی وزیر ستان میں فوجی آپریشن کے خطرناک نتائج برآمد ہونگے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جناح سپورٹس کمپلیکس بنوں میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام منعقدہ جلسہ اسلامی انقلاب سے خطاب کے دوران کیا، اس موقع پر جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر سراج الحق، صوبائی امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان، صوبائی جنرل سیکرٹری شبیر احمد خان، جماعت اسلامی ضلع بنوں کے امیر مفتی صفت اللہ، لکی مروت کے ضلعی نائب امیر انور حیات خان انعام اللہ خان اور جہانگیر نے بھی خطاب کیا۔

سید منور حسن نے مزید کہا کہ امریکہ نے افغانستان سے 2014ء تک نکلنے کا اعلان کیا ہے لیکن دوسری طرف بھارت اور افغانستان سے امریکہ نے افغانستان میں اپنے فوجی اڈے اور عسکری موجودگی قائم رکھنے کا معاہد ہ کیا ہے، انہوںنے کہا کہ آمریکہ سن لے اسے افغانستان میں شکست ہوچکی ہے، افغانستان افغانوں کا ہے اور انہیں ہی اپنے مستقبل کے فیصلے کرنے کا حق حاصل ہے، انہوں نے کہا کہ فوجی آپریشن کسی بھی مسئلے کا حل نہیں، بلوچستان میں پانچ فوجی آپریشن ہوچکے ہیں مگر حالات خراب سے خراب تر ہوگئے ہیں، خیبر پختونخوا اور قبائلی علاقوں کے عوام کو فوجی آپریشنوں کی وجہ سے متعدد مرتبہ اپنے ہی گھر میں بے گھر ہونا پڑا، انہوں نے بنوں کے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اب تک آپ نے جن لوگوں کو ووٹ دئیے انہوں نے لاقانونیت تحفے میں دی اور امریکہ کوخوش کرنے اور اس کے ڈو مور کے مطالبے کے نتیجے میں پورے ملک کو جنگ کو جھونک دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نفاذ شریعت کے لئے اکرم درانی نہیں بلکہ سراج الحق اور پروفیسر محمد ابراہیم خان جیسی درویش صفت قیادت کی ضرورت ہے، جماعت اسلامی ملک بھر میں فوجی آپریشنوں کے خلاف ہے، کراچی میں بوری بند لاشوں اور بھتہ خوری میں جو لوگ ملوث ہیں وہ اقتدار میں ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کی دیکھا دیکھی اے این پی بھی کراچی میں بھتہ خوری میں ملوث ہوگئی ہے، فوری طور پر ملک میں انتخابات کیلئے سب کے لئے قابل قبول نگران حکومت کا قیام عمل میں لایا جائے تاکہ انتخابات کے بروقت انعقاد کے حوالے سے پائے جانے والے شکوک و شبہات کا خاتمہ ہو، انہوں نے مزید کہا کہ انتخابی فہرستوں میں غلطیاں دور کرنے کے لئے الیکشن کمیشن تیزی سے اقدامات کرے اور جن لوگوں کے نام مستقل پتوں پر درج ہوگئے ہیں ان کے ووٹ وہاں درج کئے جائیں جہاں وہ عملاً رہائش پذیر ہیں۔

خبر کا کوڈ : 216366
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش