0
Tuesday 4 Dec 2012 19:58

علی گیلانی 5 دسمبر کو سرینگر میں امن ریلی نکالیں گے

علی گیلانی 5 دسمبر کو سرینگر میں امن ریلی نکالیں گے
اسلام ٹائمز۔ شیعہ سُنی اتحاد و اتفاق کو برقرار رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے جموں و کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) نے 5 دسمبر کو شہر سرینگر میں ایک امن مارچ نکالنے کا اعلان کیا ہے، جسکی قیادت سید علی شاہ گیلانی کریں گے، حریت کانفرنس (گ) کے ترجمان ایاز اکبر کی طرف سے ملنے والی اطلاع کے مطابق حریت کانفرنس (گ) کی مجلس شوریٰ کا ایک اجلاس چیئرمین سید علی شاہ گیلانی کی صدارت میں حیدر پورہ میں منعقد ہوا، جس میں مسلم کانفرنس، تحریک وحدت اسلامی، تحریک حریت، ڈیموکریٹک پولیٹیکل موومنٹ، مسلم خواتین مرکز، پیپلز لیگ، پیپلز فریڈم لیگ، ماس موومنٹ، مسلم لیگ اور ایمپلائز موومنٹ کے سربراہوں یا ان کے نمائندوں نے شرکت کی، اجلاس میں شہر خاص کے بعض مقامات پر پیش آنے والے چند ناخوشگوار واقعات پر گہری تشویش اور فکر مندی کا اظہار کرتے ہوئے شیعہ اور سنی دونوں مکاتب فکر سے پر زور اور درد مندانہ اپیل کی گئی کہ وہ ہر قیمت پر اتحاد و اتفاق کو قائم رکھیں اور کچھ بھی ایسا نہ کریں جو ہمارے ملی اور قومی کاز کو نقصان پہنچانے کا باعث بنے۔ 

اجلاس میں کہا گیا کہ کشمیر مسلکی ہم آہنگی اور بھائی چارے کے لئے مشہور ہے اور ہمیں کسی بھی صورت میں اس حیثیت کو متاثر نہیں ہونے دینا چاہئے، حریت کانفرنس (گ) کے ممبران مجلس شوریٰ کا اس بات پر اتفاق تھا کہ پیش آمدہ حالات کے پس پردہ کوئی مذہبی اختلافات نہیں ہیں بلکہ یہ بعض شرپسند عناصر کی طرف سے پھیلائی جانے والی افواہ ہے، جس نے دونوں مکاتب فکر کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کردی ہیں، اجلاس میں کہا گیا کہ بعض ہند نواز سیاست دان اس صورت حا ل کا ناجائز فائدہ اٹھارہے ہیں اور وہ اس کو اپنا ووٹ بنک بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یہ صورتحال چونکہ کسی بھی طور کشمیری قوم کے ملی اور قومی کاز کے حق میں نہیں ہے، لہذا اس کا ہر ممکن طریقے سے سدباب کرنے کی کوشش کی جائے گی اور اس کو روکنے کے لئے بڑی سے بڑی قربانی دینے سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حریت کانفرنس (گ) کے زیراہتمام 5 دسمبر کو شہر خاص میں ایک امن مارچ نکالا جائے گا، جس کی قیادت سید علی شاہ گیلانی کریں گے، بیان کے مطابق قائدین مقررہ تاریخ پر خواجہ حبیب اللہ نوشہری رحمتہ اللہ علیہ کے خانقاہ واقع سرینگر میں نماز ظہر ادا کریں گے اور یہاں سے دونوں برادریوں کے متعدد معززین کو لے کر امن مارچ شروع کیا جائے گا، جو تمام متاثرہ علاقوں کا پیدل دورہ کرے گا اور شر پسندوں کی افواہ کے نتیجے میں پیدا ہونیوالی غلط فہمیوں کو دور کرنے کی کوشش کی جائے گی، حریت کانفرنس نے ملت اسلامیہ کشمیر سے اپیل کی ہے کہ وہ اس امن مارچ کو کامیاب بنانے میں تعاون فراہم کرکے اپنے ملی اور قومی کاز کو تقویت پہنچائیں اور شرپسندوں کے مکروہ منصوبوں کو خاک میں ملانے کے لئے آگے آئیں۔
خبر کا کوڈ : 217604
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش