0
Thursday 6 Dec 2012 00:10

سید علی گیلانی کا پاکستان کا دورہ نہ کرنے کا اعلان

سید علی گیلانی کا پاکستان کا دورہ نہ کرنے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ سید علی گیلانی کی سربراہی میں قائم آل پارٹیز حریت کانفرنس نے غیر معمولی اہمیت کا حامل فیصلہ لیتے ہوئے ماہ دسمبر میں پاکستان کا دورہ نہ کرنے کا اعلان کیا ہے، کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کی مجلس شوریٰ نے واضح کیا کہ مجوزہ دورہ کرنے سے زیادہ قیادت میدان کار زار میں ڈٹی رہے، حریت کانفرنس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ پاکستانی حکومت کی دعوت کا مقصد الیکشن جیتنے کے لئے ذرائع اور وسائل کو تلاش کرنا ہوسکتا ہے، حریت کانفرنس (گ) کے ترجمان ایاز اکبر نے کہا ہے کہ حریت کی مجلس شوریٰ کا 2 روزہ انتہائی اہم اجلاس اختتام پذیر ہوگیا، جس میں چیئرمین سید علی شاہ گیلانی کی صدارت میں جملہ اکائیوں کے سربراہوں یا ان کے نمائندوں نے شرکت کی۔
 
اجلاس میں سید علی گیلانی کو دورہ پاکستان کے لئے وہاں کی حکومت کی طرف سے ملنے والے دعوت نامے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور اس دورے کے پس منظر، پیش منظر اور مضمرات پر غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ تنازعہ کشمیر کے اصولی طور پر بھارت، پاکستان اور کشمیریوں سمیت تین بنیادی فریق ہیں اور ان تین میں سے بھارت ہی ایک واحد فریق ہے، جو اپنی ضد اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے اس دیرینہ تنازعہ کے حتمی حل میں رکاوٹ بنا ہوا ہے، بیان کے مطابق پاکستان چونکہ سرکاری سطح پر نہ صرف کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو تسلیم کرتا ہے، بلکہ وہ 1947ء سے ہی کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی سطح پر مدد بھی کرتا آیا ہے، لہذا کشمیریوں کا اصل تنازعہ بھارت کی حکومت کے ساتھ ہے، جو قومی اور بین الاقوامی سطح پر کئے گئے وعدوں سے انحراف کرکے کشمیریوں کے حق آزادی کو واگزار کرانے میں لیت و لعل سے کام لے رہی ہے۔
 
اجلاس میں کہا گیا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام دونوں چونکہ کشمیری عوام کے موقف، خواہشات اور قربانیوں سے پوری طرح با خبر ہیں، لہٰذا حریت کانفرنس (گ) پاکستان کا دورہ کرنے سے زیادہ اس بات کو اہم سمجھتی ہے کہ قیادت اپنے اصولی موقف میں کوئی تبدیلی لائے بغیر میدان کار زار میں ڈٹی رہے، میدان میں رہ کر تحریک آزادی کے تقاضوں کو پورا کرے اور اس صورت حال کا مقابلہ کرتی رہے، جس کا سامنا پوری مظلوم قوم کو کرنا پڑ رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 217959
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش