0
Sunday 9 Dec 2012 22:28

دہشتگرد پارلیمنٹ پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں، میاں افتخار حسین

دہشتگرد پارلیمنٹ پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں، میاں افتخار حسین
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ دہشتگرد پارلیمنٹ پر زبردستی قبضہ کرنا چاہتے ہیں کیونکہ دہشتگردوں نے کسی کو نہیں بخشا، جماعت اسلامی، جمعیت علمائے اسلام، تحریک انصاف، پی پی پی اور اے این پی پر حملے کرنے کے علاوہ بے گناہ لوگوں کو بھی شہید کیا گیا، دہشتگردوں کا نہ عقیدہ ہے اور نہ ان کا کوئی دین ہے، یہ بین الاقوامی سطح پر منظم ہیں اور ہر ملک میں دہشتگردی کر رہے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پبی پریس کلب میں منعقدہ عہدیداروں کی تقریب حلف برداری کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ ہم نے اسلام، جمہوریت اور سوشلزم کے نعرے تو بہت لگائے لیکن بد قسمتی سے ہم اپنے ملک میں نہ مثالی اسلامی نظام، جمہوری نظام اور نہ ہی سوشلزم لاسکے بلکہ ایڈہاک ازم پر چل رہے ہیں جبکہ ہمارے پڑوسی ممالک ایران میں اسلامی، چین میں سوشلزم اور بھارت میں مضبوط جمہوریت آئی اور خوب ترقی ہوئی۔
 
انہوں نے کہا کہ ہمارے تمام مسائل کا حل ملک میں مضبوط جمہوری نظام میں مضمر ہے کیونکہ جب تک ملک میں اچھا نظام نہیں ہوگا، امن و امان سمیت دیگر مسائل کبھی بھی حل نہیں ہو سکتے۔ کالا باغ ڈیم کا ذکر کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ یہ خیبر پختونخوا کے عوام کی زندگی اور موت کا مسئلہ ہے اور جب تک فخر افغان باچا خان کا ایک بھی سپاہی زندہ ہے، اسے کسی صورت تعمیر نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان کے امن کے ساتھ پاکستان کا امن وابستہ ہے، وہاں امن قائم ہوگا تو پاکستان میں خود بخود امن قائم ہو جائیگا۔
خبر کا کوڈ : 219661
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش