0
Thursday 20 Dec 2012 23:59

صدر، وزیراعظم سپریم کورٹ کے حکم پر عدالت میں پیش ہو سکتے ہیں تو برطانوی شہری الطاف حسین کو بھی پیش ہونا پڑے گا، لیاقت بلوچ

صدر، وزیراعظم سپریم کورٹ کے حکم پر عدالت میں پیش ہو سکتے ہیں تو برطانوی شہری الطاف حسین کو بھی پیش ہونا پڑے گا، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ پاکستان بنانے میں جتنا اکثریت نے کردار ادا کیا ہے محب وطن اقلیتی برادری کا کردار اس سے کسی صورت کم نہیں، ہماری آزادی، مسائل، خطرات، خوشیاں اور غم مشترکہ ہیں، اس لئے پاکستان کو ترقی دینے کیلئے اکثریت اور اقلیت کے درمیان مضبوط رابطہ اور تعلق ہونا چاہیے، جماعت اسلامی برسراقتدار آکر اقلیتوں کو اسلامی تعلیمات کے مطابق حقوق دے گی۔ مرکزی میڈیا سیل کے مطابق ان خیالات کا اظہارسیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے وزیر آباد میں الخدمت فاونڈیشن کے تعاون سے شباب ملی اقلیتی ونگ کے زیراہتمام مسیحی مستحقین میں کرسمس گفٹ کی تقسیم کی تقریب سے خطاب اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر تے ہوئے کیا۔
 
لیاقت بلوچ نے کہا کہ زرداری بے نظیر بھٹو کی برسی پر عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کریں اور مرکز و صوبوں میں عبوری حکومتیں قائم کریں، انتخابات کے التوا کی سازش کی گئی تو عوامی قوت سے ملکی تاریخ کی سب سے بڑی تحریک چلائیں گے، انہوں نے کہا کہ صدر، وزیراعظم سپریم کورٹ کے حکم پر عدالت میں پیش ہوسکتے ہیں تو برطانوی شہری الطاف حسین کو بھی پیش ہونا پڑے گا، اپنے شہری کے پاکستان کی عدلیہ کے خلاف توہین آمیز بیانات کا حکومت برطانیہ کو بھی نوٹس لینا چاہیے جو مادر جمہوریت ہونے کی دعویدار ہے، ووٹر لسٹوں کی درستگی پر کراچی کے ٹھپہ مافیا کی چوری پکڑی گئی جس سے ایم کیو ایم کو اپنا مستقبل خطرے میں نظر آ رہا ہے۔ پولیو ٹیموں پر حملہ بھی اسی سلسلہ کی کڑی ہوسکتی ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پیپلزپارٹی، ایم کیو ایم اور اے این پی سے انتخابی اتحاد نہیں کرے گی،عوام ہمارا ساتھ دیں تو پاکستانی سیاست سے جاگیرداری نظام کو آوٹ کر دیں گے۔ کرپشن اور بدعنوانی سے نجات دلا کر عام آدمی کی عزت، وقار، آزادی، خوشخالی میں اضافہ اور پاکستان کو دنیا میں باوقار بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تمام دینی جماعتوں کا اصولی اتحاد قائم کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ جماعت اسلامی مسلم لیگ(ن)اور تحریک انصاف کے ساتھ رابطہ میں ہے۔
خبر کا کوڈ : 223290
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش