0
Thursday 1 Apr 2010 09:39

اسٹریٹجک پارٹنرشپ بڑھائیں گے،دہشت گردی کو مل کر شکست دیں گے،پاکستان اور ترکی کا عزم

اسٹریٹجک پارٹنرشپ بڑھائیں گے،دہشت گردی کو مل کر شکست دیں گے،پاکستان اور ترکی کا عزم
اسلام آباد:اسلام ٹائمز-جنگ نیوز کے مطابق پاکستان اور ترکی نے اسٹرٹیجک پارٹنرشپ اور سیاسی و اقتصادی تعاون بڑھانے اور دہشت گردی کو ملکر شکست دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے سرمایہ کاری،زرعی صنعتوں اور منصوبہ بندی کے شعبوں میں مفاہمت کی 3 یادداشتوں پر دستخط کئے ہیں۔ایوان صدر میں یہ اتفاق رائے بدھ کو صدر آصف علی زرداری اور ترکی کے صدر عبداللہ گل کے درمیان ملاقات میں ہوا۔ جس میں دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔بعد میں ترک صدر کے ساتھ مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ہم نے معیشت،تجارت، سرمایہ کاری،زراعت،بنیادی ڈھانچے کی ترقی،دفاع اور عوام کی سطح پر رابطوں سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں نے ترک صدر عبداللہ گل کو مذاکرات کے دوران انتہا پسندی اور عسکریت پسندی کے خلاف پاکستان کی مہم کے بارے میں بتایا جسے عوام کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ 
ترک صدر عبداللہ گل نے کہا کہ ترکی کے پاکستان کے ساتھ دیرینہ اور تاریخی تعلقات ہیں اور مستقبل میں ان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مفاہمت اور ہم آہنگی کا موجودہ ماحول،انتہا پسندی اور عسکریت پسندی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابیوں کی ضمانت ہے۔دونوں ممالک کے صدور نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پاکستان ترکی کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لئے قریبی تعاون جاری رکھیں گے۔ 
صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان یکساں اقدار اور مشترک مفادات پر مبنی خصوصی اور انتہائی خوشگوار تعلقات استوار ہیں،دونوں ممالک علاقائی اور عالمی امور پر یکساں موقف رکھتے ہیں،عالمی برادری وعدوں کو عملی شکل دیکر شدت پسندی سے نمٹنے کیلئے اپنی اخلاقی ذمہ داری پوری کرے۔ انہوں نے یہ بات ترک صدر عبداللہ گل کے اعزاز میں ایوان صدر میں دی گئی ضیافت سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
 اس موقع پر ترک صدر نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان نے داخلی مسائل پر قابو پا لیا ہے اور اقتصادی منزل بھی حاصل جلد ہو جائیگی۔ ترک صدر نے کہا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے پاکستان کی جمہوری طور پر منتخب قیادت کے پرعزم اقدامات قابل اطمینان ہیں۔ سیاست،اقتصادیات کے شعبوں میں پاکستان کی نمایاں پیشرفت ہمارے لئے باعث فخر ہے۔انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان کے باوقار،محنتی اور ولولہ انگیز عوام تابناک مستقبل کی راہ پر متحد اور پرعزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے انسداد دہشتگردی کے لئے قومی اتفاق رائے پیدا کیا اور اس کے مطابق دہشتگردوں کے ڈھانچے کو تباہ کرنے کے لئے انتہائی اہم اقدامات اٹھائے۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی اور انتہا پسندی کی مذمت میں حکومت،اپوزیشن،تمام اداروں سمیت پاکستانی بھائی بہنوں کا موقف انتہائی قابل ستائش ہے۔

خبر کا کوڈ : 22868
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش