0
Sunday 3 Feb 2013 12:47

مذہبی منافرت پھیلانے والوں کیساتھ سختی سے نمٹا جائے گا، آئی جی پنجاب

مذہبی منافرت پھیلانے والوں کیساتھ سختی سے نمٹا جائے گا، آئی جی پنجاب
اسلام ٹائمز۔ قائمقام انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب خان بیگ نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے اور مذہبی اجتماعات میں رکاوٹ ڈالنے والے شرپسند عناصر کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لئے تمام مکاتب فکر کے علماء کے ساتھ مستقل رابطہ رکھا جائے گا کیونکہ تمام طبقہ فکر کی مذہبی آزادی کے تحفظ کو یقینی بنانا پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فقہ جعفریہ سے تعلق رکھنے والے 9 ارکین پر مشتمل ایک وفد سے سنٹرل پولیس آفس لاہور میں ملاقات کے دوران کیا۔

ملاقات میں بانی ادار ہ منہاج الحسین علامہ ڈاکٹر محمد حسین اکبر، پرنسپل جامعہ قرآن و عترت والٹن روڈ علامہ حافظ سید کاظم رضا نقوی، چئرمین ادارہ تحفظ حقوق جعفریہ پاکستان علامہ مشتاق حسین جعفری، چئرمین شیعہ پولیٹکل پارٹی پاکستان پیر سید نوبہار حسین شاہ، الحاج توقیر حسین بابا نمائندہ علامہ سید ساجد علی نقوی، چئرمین عزاداری فاؤنڈیشن الحاج پیر سید اجمل حسین نقوی، ڈویژنل صدر شیعہ علماء کونسل سید شہباز حسین نقوی اور بانی مجلس و جلوس کاہنہ سید حسن شاہ کے علاوہ اے آئی جی آپریشنز صاحبزادہ شہزاد سلطان اور پی ایس او محمد علی نیکوکارہ نے شرکت کی۔

علماء نے آئی جی پنجاب کو مختلف شہروں میں مذہبی اجتماعات میں بعض پولیس اہلکاروں کی بے جاء مداخلت کے بارے میں شکایات سے آگاہ کیا۔ آئی جی پنجاب نے وفد کو یقین دلایا کہ اس معاملے کی متعلقہ افسران سے رپورٹ طلب کریں گے اور ان رپورٹس کی روشنی میں ملوث اہلکاروں کے خلاف قانونی اور محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔ بعد ازاں آئی جی پنجاب نے اپنے دفتر میں کھلی کچہری منعقد کی جس میں دور دراز سے آئے ہوئے سائلین نے اپنے مسائل سے آئی جی پنجاب کو آگاہ کیا۔ خان بیگ نے سائلین کے مسائل کے حل کے بارے میں موقع پر ہی متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں۔
خبر کا کوڈ : 236813
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش