0
Friday 8 Feb 2013 04:52

ملک مہنگائی، غربت، توانائی کے بحران سے دوچار ہے جبکہ حکمران امریکی چوکھٹ پر سجدہ ریز ہیں، منور حسن

ملک مہنگائی، غربت، توانائی کے بحران سے دوچار ہے جبکہ حکمران امریکی چوکھٹ پر سجدہ ریز ہیں، منور حسن
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا ہے کہ امریکہ ڈرون حملوں میں آئے روز پرامن اور ہنستے بستے گھروں کو نشانہ بنا کر مٹی کے ڈھیروں میں بدل رہا ہے اور جب کوئی اس ظلم و بربریت کے خلاف آواز اٹھاتا ہے تو اسے دہشتگرد ٹھہرا کر واجب القتل قرار دے دیا جاتا ہے۔ سید منورحسن نے شمالی وزیرستان میں ڈرون حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے دنیا میں سب سے زیادہ مہذب اور انسانیت کی فلاح کے دعوے دار امریکہ کی حیوانیت اور بربریت قرار دیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری کو مسلسل روند رہا ہے، مگر قومی غیرت و حمیت سے عاری حکمرانوں نے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ امریکہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے معصوم بچوں عورتوں سمیت ہزاروں شہریوں کو اپنی دہشتگردی کا نشانہ بنا چکا ہے مگر حکمرانوں نے نہ صرف آنکھیں بند رکھی ہیں بلکہ امریکی جنگ میں مکمل تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانیاں کروا رہے ہیں۔
 
سید منور حسن نے کہا کہ وائٹ ہائوس نے امریکی فوج اور تخریب کار ایجنسیوں کو دنیا بھر میں کسی بھی شخص کو قتل کرنے کی کھلی اجازت دے دی ہے جو دنیا بھر میں مسلمانوں کو نشانہ بنا رہے ہیں اور پاکستان کو انہوں نے اپنی وحشیانہ کارروائیوں کا خصوصی ہدف بنا رکھا ہے۔ سید منورحسن نے کہا کہ ایک طرف پاکستان دہشتگردی کے خلاف نام نہاد جنگ میں کود کر خود دہشتگردی کا شکار اور بدترین بحرانوں سے دوچار ہے اور دوسری طرف امریکہ تمام قربانیوں کے باوجود پاکستان پر عدم اعتماد کرتے ہوئے بار بار سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتا رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کے نزدیک دنیا بھر میں صرف مسلمان ہی دہشتگرد ہیں اور اسے ہندوئوں یہودیوں اور دیگر لوگوں کی دہشتگردی نظر نہیں آتی۔

سید منور حسن نے کہا کہ امریکی محکمہ انصاف کی طرف سے امریکی فوج کو قتل عام کا لائسنس دینے سے عالمی امن کو شدید خطرات نے گھیر لیا ہے۔ امریکہ اسلحہ کے زور پر دنیا پر اپنا ورلڈ آرڈر نافذ کرنا چاہتا ہے جس کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ایک اللہ کی حاکمیت پر ایمان رکھنے والے مسلمان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنے 45 ہزار سے زائد شہریوں کو امریکی جنگ کی نذر کر دیا اور اربوں ڈالر کا معاشی نقصان اٹھایا ہے جس سے ملک کو مہنگائی، غربت، توانائی اور امن و امان کی تباہی سے دوچار ہونا پڑا مگر حکمران ان تمام مسائل و مشکلات سے بےنیاز اب بھی امریکی چوکھٹ پر سجدہ ریز ہیں۔
خبر کا کوڈ : 237999
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش