0
Tuesday 5 Feb 2013 21:57

ہماری حکومت کشمیر کی آزادی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، سراج الحق

ہماری حکومت کشمیر کی آزادی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام صوبہ بھر میں مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی غاصب فوجوں کے ظلم اور بربریت کے خلاف برسرپیکار کشمیر کے نہتی عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے احتجاجی جلسے جلوس اور ریلیاں نکالی گئیں۔ جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے امیر پروفیسرمحمد ابراہیم خان، جماعت اسلامی ضلع پشاور کے امیر بحراللہ خان ایڈووکیٹ اور ضلعی جنرل سیکرٹری حمد اللہ کے زیر قیادت جماعت اسلامی ضلع پشاور کے تحت ہشتنگری نشتر آباد سے ریلی نکالی گئی۔ شدید بارش کے باوجود ریلی کے شرکاء بھارتی افواج کے سفاکانہ ظلم کیخلاف زبردست نعری بازی کرتے رہے۔ مظاہرین نے بینرز اور جھنڈے اُٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین ’’کشمیریوں کو حق خود اردیت دو۔ کشمیرہمارا ہے۔ کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ کے نعرے لگا رہے تھے۔ ریلی بعد میں جلسہ کی صورت اختیار کرگئی۔ جلسہ سے جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے صوبائی امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ناقص خارجہ پالیسی کے باعث حکمرانوں نے کشمیر پر اپنے مضبوط مؤقف کو کمزور بنا کر رکھ دیا ہے۔ جبکہ کشمیر پر بھارت کے سفاکانہ اور ظلم سے بھرپور موقف کو ان کی حکومت کی وجہ سے پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر ناجائز تسلط جما رکھا ہے۔ اور وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں سے روگردانی کر رہا ہے۔ حکمران اسلامی دنیا میں بھی اپنے موقف کو مؤثر طریقے سے پیش کرنے میں قاصر رہے ہیں۔ پروفیسر محمد ابراہیم خان نے میزد کہا کہ ہم انڈیا کو کسی صورت میں بھی فیورٹ ملک تسلیم نہیں کرسکتے۔ اور جو اسے تسلیم کرتا ہے وہ پاکستان کو چھوڑ کر بھارت چلا جائے۔ اُنہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کے سابق امیر قاضی حسین احمد مرحوم کی جدوجہد اور کوششوں کے باعث آج حکمران اس بات پر مجبور ہیں کہ 5 فروری سرکاری طور پر پاکستان میں کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی منایاجاتا ہے۔ اُنہوں نے آخر میں کہا کہ حکمران اپنا قبلہ درست کرلیں۔ کشمیر ہمارا ہے اور اسے ہم حاصل کرکے رہیں گے۔ تیمر گرہ سے ملنے والی اطلاع کے مطابق جماعت اسلامی دیر پائین کے زیر اہتمام تیمر گرہ شہر میں آڈہ کے سامنے بارش کے باوجود احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ جس سے جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر سراج الحق، حزب المجاہدین پاکستان کے صوبائی سربراہ تاج علی شاہ، سابق ممبر صوبائی اسمبلی مظفر سید ایڈووکیٹ اور صاحبزادہ یعقوب نے خطاب کیا۔

سراج الحق نے کہا کہ کشمیر کی آزادی تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ ہماری حکومت کشمیر کی آزادی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ حکومت کشمیر کے معاملے میں مکمل طورپر سردمہری کا ثبوت دے رہی ہے۔ ان کو ڈالرز کمانے کی فکر ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کو عوام اور کشمیری مسلمانوں کے مفاد سے کوئی تعلق یا سروکار نہیں۔ حکومت نے کشمیر کے معاملے میں دوہرا معیار اپنایا ہوا ہے۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کشمیریوں کا حق ہے لیکن انہیں ناجائز طریقے سے اس حق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جارح افواج نہتے کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ ڈھارہی ہیں۔ ہم کشمیریوں کی جدوجہد کی مکمل طور پر حمایت کرتے ہیں۔ اس موقع پر حزب المجاہدین کے صوبائی سربراہ نے کہا کہ لاتوں کے بوت باتوں سے نہیں مانتے ان کا علاج صرف جہاد ہے۔
خبر کا کوڈ : 237391
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش