0
Tuesday 26 Feb 2013 16:22

فنگشنل اور (ن) لیگ کے درمیان سیٹ ایڈجسٹمنٹ اور ایک ہی انتخابی نشان سے الیکشن لڑنے پر اتفاق

فنگشنل اور (ن) لیگ کے درمیان سیٹ ایڈجسٹمنٹ اور ایک ہی انتخابی نشان سے الیکشن لڑنے پر اتفاق
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ نواز اور مسلم لیگ فنکشنل کے درمیان سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، یہ فیصلہ میاں نواز شریف اور پیر پگارا کے درمیان کراچی میں ہونے والی ملاقات میں کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق دونوں جماعتوں کے مضبوط امیدواروں کو ان کے حلقوں میں تعاون فراہم کیا جائے گا۔ مسلم لیگ نواز اور مسلم لیگ فنکشنل کے درمیان ایک انتخابی نشان کیساتھ الیکشن میں حصہ لینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ میاں نواز شریف اور پیر پگارا کے درمیان ملاقات میں وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان اور سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ جمالی بھی شریک تھے۔ 
ادھر پیر پگارا نے کہا ہے کہ پاکستان کے مفاد کیلئے ہم اور نواز شریف اکٹھا ہوئے ہیں، نواز شریف سے ملاقات کے بعد پیر پگارا نے کہا کہ حکومت نے 5 سال میں عوام کو رسوا کیا، حکومت الیکشن میں دھاندلی کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ ہم ملک کے مفاد میں الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں، اگر ہمیں لالچ ہوتا تو ہم پیپلز پارٹی سے اتحاد ختم نہ کرتے، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں پیپلز پارٹی کا صفایا ہوچکا ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ انتخابات میں براہ راست مقابلہ ہو۔ انہوں نے (ن) لیگ کے رہنماؤں کی کنگری ہاؤس آمد پر نواز شریف، شہباز شریف اور چوہدری نثار کا شکریہ ادا کیا۔
 
دیگر ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) اور مسلم لیگ فنگشنل کے درمیان سیٹ ٹو سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر اتفاق ہوگیا ہے، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نواز شریف کا کہنا ہے کہ شہر قائد کو یرغمال بنالیا گیا ہے، اسے آزاد کروائیں گے۔ سابق اسپیکر قومی اسمبلی الٰہی بخش سومرو کے بیٹے اور جماعت اسلامی کے رہنما پروفیسر غفور کے انتقال پر تعزیت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ کراچی کو اس کا معاشی مقام دلوائیں گے۔ عوام کراچی میں ہونے والی سیاست سے بیزار ہو چکے ہیں۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ کراچی میں شفاف انتخابات نہیں ہوتے تو ترمیموں کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔ سٹیں جیتنے کی لالچ کی بجائے مجرموں کو پکڑا جائے۔ 
بعدازاں نواز شریف نے مسلم لیگ فنگشنل کے سربراہ پیر صاحب پگارا سے ملاقات کی، جس میں دونوں جماعتوں کے انتخابی اتحاد پر اتفاق کیا گیا، دونوں جماعتیں ایک دوسرے کے مضبوط امیدوار کی حمایت کریں گی۔ اس سے قبل کراچی پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو میں نواز شریف نے کہا آخری دنوں میں ڈرامہ رچایا جا رہا ہے۔ سندھ کے عوام کو جلد پتہ چل جائے گا۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ کراچی کے حالات پر الیکشن سب کو اکھٹا لڑنا چاہیے۔ شہر کو ایک بار پھر روشنیوں کا شہر بنائیں گے، سیٹیں جیتنے کی لالچ نہیں ہے۔
خبر کا کوڈ : 242658
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش